راجستھان ہائی کورٹ کا حکومت کو جھٹکا، بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے کی درخواست مسترد
راجستھان ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کی انتخابات مؤخر کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے 31 جولائی تک بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کرانے اور او بی سی کمیشن کو 20 جون تک رپورٹ دینے کا حکم دیا

جے پور: راجستھان ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو بڑا جھٹکا دیتے ہوئے بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات مزید مؤخر کرنے کی مانگ مسترد کر دی ہے۔ عدالت نے ریاستی حکومت اور ریاستی انتخابی کمیشن کو ہدایت دی ہے کہ 31 جولائی تک شہری بلدیاتی اداروں اور پنچایتوں کے انتخابات مکمل کرائے جائیں۔
کارگزار چیف جسٹس ایس پی شرما کی سربراہی والی ڈویژن بنچ نے او بی سی کمیشن کو بھی ہدایت دی کہ وہ انتخابی عمل میں پیش رفت کے لیے 20 جون تک اپنی رپورٹ پیش کرے۔ عدالت نے 11 مئی کو اس معاملے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا، جسے اب سنایا گیا ہے۔
اس سے قبل 14 نومبر 2025 کو 439 عرضیوں پر سماعت کے دوران راجستھان ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو 15 اپریل 2026 تک پنچایت اور مقامی بلدیاتی اداروں کے انتخابات مکمل کرانے کی ہدایت دی تھی۔ تاہم حکومت مقررہ وقت کے اندر انتخابی عمل مکمل نہ کرا سکی، جس کے بعد عدالت سے مزید وقت مانگا گیا تھا۔
سماعت کے دوران ریاستی حکومت نے مؤقف اختیار کیا کہ او بی سی کمیشن کی رپورٹ ابھی تک زیر التوا ہے، جس کے باعث انتخابات کے انعقاد میں دشواری پیش آ رہی ہے۔ حکومت نے اسکولوں کی دستیابی، ملازمین کی تعیناتی، ای وی ایم مشینوں اور دیگر انتظامی تیاریوں کو بھی تاخیر کی وجوہات میں شامل کیا۔
سابق اراکین اسمبلی سنیم لوڑھا اور گری راج سنگھ دیوندا نے حکومت کی عرضی کی مخالفت کی۔ انہوں نے عدالت میں دلیل دی کہ تقریباً ڈیڑھ سال سے انتخابات جان بوجھ کر مؤخر کیے جا رہے ہیں، جس سے جمہوری ادارے کمزور ہو رہے ہیں۔
ریاستی حکومت نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ کئی پنچایت سمیتیوں اور ضلع پریشدوں کی مدت کار رواں سال ستمبر سے دسمبر کے درمیان مکمل ہو جائے گی۔ حکومت نے دلیل دی کہ تمام انتخابات ایک ساتھ کرائے جانے سے "ایک ملک، ایک انتخاب" کے تصور کو تقویت ملے گی۔
ریاستی حکومت نے عدالت کو یقین دلایا کہ سابقہ احکامات پر عمل درآمد کی ہر ممکن کوشش کی گئی، لیکن موجودہ حالات میں مقررہ مدت کے اندر انتخابات کرانا ممکن نہیں تھا۔ ریاستی انتخابی کمیشن نے بھی عدالت کے سامنے حکومت کے مؤقف کی حمایت کی۔
اس کے باوجود ہائی کورٹ نے حکومت کی مانگ مسترد کرتے ہوئے 31 جولائی تک انتخابات مکمل کرانے کا حکم برقرار رکھا اور او بی سی کمیشن کو 20 جون تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔
