راجستھان: سلنڈر سے بھرے ٹرک پر گری آسمانی بجلی، دھماکوں سے گھنٹوں دہلتا رہا علاقہ

ہنومان نگر تھانہ علاقہ میں منگل کی شب کو گیس سلنڈر سے بھرے ایک ٹرک میں اچانک آگ لگ گئی۔ اس آگ سے ٹرک میں بھرے سلنڈروں کے پھٹنے کا سلسلہ شروع ہو گیا جو کافی دیر تک چلتا رہا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

راجستھان کے بھیلواڑا واقع ہنومان نگر تھانہ علاقہ میں منگل کی شب کو گیس سلنڈروں سے بھرے ایک ٹرک میں اچانک آگ لگ گئی۔ اس کے بعد بھرے سلنڈروں میں یکے بعد دیگرے دھماکے ہونے شروع ہو گئے۔ گیس سلنڈروں میں دھماکہ اور اس کی آواز اتنی تیز تھی کہ آس پاس کا علاقہ پوری طرح سے دہل گیا۔ اس واقعہ کے بعد قرب و جوار میں ایک افرا تفری کا عالم پھیل گیا اور لوگوں میں دہشت پیدا ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ ٹرک میں 400 سے زائد ایل پی جی گیس سلنڈر موجود تھے۔

بھیلواڑا پولس سپرنٹنڈنٹ وکاس شرما نے بتایا کہ جے پور سے گھریلو گیس سلنڈر سے بھرا ایک ٹرک کوٹہ جا رہا تھا۔ اسی دوران ٹیکڑ گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے ہائی وے پر چل رہا ٹرک پلٹ گیا۔ بعد ازاں اس ٹرک میں آگ لگ گئی۔ اس حادثے کے بعد آگ اتنی شدید تھی کہ لپٹیں 7-5 کلو میٹر دور تک دکھائی دے رہی تھی۔ ہنومان نگر تھانہ پولس اور فائر بریگیڈ موقع پر پہنچی تو آگ کی شدت کو دیکھ کر کوئی بھی ٹرک کے پاس جانے کی ہمت نہیں کر سکا۔ اس واقعہ کے بعد ٹرک ڈرائیور بجیٹھا باشندہ 35 سال کے ستراج مینا نے کسی طرح بھاگ کر اپنی جان بچائی۔ حالانکہ اس کا جسم کئی جگہ پر جھلس گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔