راجستھان: وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے پیش کیا ’7 سنکلپ‘ پر مبنی امید افزا بجٹ

وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے اپنے بجٹ کے دوران جو سات سنکلپ یعنی عزائم پیش کیے ہیں اور ان کے مدنظر جو اعلانات کیے گئے ہیں، وہ لوگوں میں امید پیدا کرنے والے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے آج کابینہ میں ایک لاکھ 85 ہزار 750 کروڑ 3 لاکھ روپے کا بجٹ پیش کیا۔ اشوک گہلوت نے اپنا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارے لیے مکمل راجستھان ایک فیملی کی طرح ہے اور اس فیملی کے لیے میں 7 سنکلپوں (سات عزائم) کو اس بجٹ کی ترجیحات بنانا چاہتا ہوں۔‘‘ یہ کہتے ہوئے اشوک گہلوت نے اپنے ’7 سنکلپ‘ یعنی سات عزائم سب کے سامنے رکھے۔ اس دوران انھوں نے بجٹ میں بے روزگار نوجوانوں کے لیے 53 ہزار 151 عہدوں پر بھرتی کا اعلان کرتے ہوئے امید افزا قدم اٹھایا تو ساتھ ہی اسکولوں میں ہفتہ کے روز ’نو بیگ ڈے‘ کا اعلان کیا تاکہ بچوں کو پڑھائی بوجھ معلوم نہ ہو۔ اسی طرح وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے طبی، زراعت، تعلیم اور ریاست و ملک کی ترقی میں اہم کردار نبھانے والے مختلف شعبوں کے لیے اہم اعلانات کیے۔

اشوک گہلوت نے اپنے بجٹ کے دوران جو سات سنکلپ یعنی عزائم پیش کیے ہیں اور ان کے مدنظر جو اعلانات ہوئے ہیں، وہ لوگوں میں امید پیدا کرنے والے ہیں اور اشوک گہلوت کا کہنا ہے کہ وہ پورے راجستھان کو ایک فیملی کی شکل میں ترقی کی رفتار پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔ بہر حال، اشوک گہلوت کے سات عزائم اور اس سے جڑی کچھ اہم باتیں اس طرح ہیں...


پہلا سنکلپ: صحت مند راجستھان

وزیر اعلیٰ گہلوت نے پہلا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ صدیوں سے ہندوستان صحت مند زندگی کے لیے کام کرتا رہا ہے اور ہم اس سمت میں آگے بڑھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ’’میڈیکل اینڈ ہیلتھ سے متعلق سبھی محکموں کے لیے 21-2020 میں کل 14 ہزار 533 کروڑ 37 لاکھ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔‘‘ علاوہ انھوں نے بتایا کہ صحت مند راجستھان منصوبہ کے ساتھ بیماریوں کی روک تھام کی بھی کوشش کی جائے گی۔

دوسرا سنکلپ : خوشحال کسان

وزیر اعلیٰ گہلوت نے کہا کہ گزشتہ بجٹ میں ایک ہزار کروڑ روپے کے زراعتی فلاح فنڈ کا اعلان کیا گیا تھا، جسے دسمبر 2019 میں قائم کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سال 21-2020 میں زراعتی محکمہ کے لیے کل 3 ہزار 420 کروڑ 6 لاکھ روپے کا انتظام کیا گیا ہے جس میں بارش کے پانی کو جمع کرنے اور زراعتی علاقہ کو بڑھانے کے لیے اس بجٹ میں 12 ہزار 500 فارم پونڈ کی تعمیر کرائی جائے گی۔ اس پر 150 کروڑ روپے کا خرچ ہوگا۔


تیسرا سنکلپ: فلاح و بہبود برائے خاتون، اطفال و بزرگ

ایک ہی شعبہ میں الگ الگ سطح پر کام کرنے والی آنگن باڑی کارکنان، آشا ورکرس اور اے این ایم کے درمیان بہتر تال میل کے لیے کامن پلیٹ فارم ’اے-3 ایپ‘ تیار کیا جائے گا۔ آنگن باڑی کارکنان اور ساتھیوں کی تربیت کے لیے ایچ سی ایم ریپا، جے پور اور ریاست میں واقع دیگر سرکاری اداروں کے ذریعہ سے انتظام کیا جائے گا۔ آنگن باڑی مراکز کے ذریعہ سے تقریباً 35 لاکھ سے زیادہ بچوں، حاملہ خواتین، نوعمر لڑکیوں کو تقریباً 800 کروڑ روپے کی رقم سے مغوی غذا مہیا کرایا جائے گا۔ دوسری طرف سماجی انصاف کے لیے سال 21-2020 میں کل 8 ہزار 500 کروڑ 7 لاکھ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اشوک گہلوت نے بتایا کہ 4 لاکھ 22 ہزار سے زیادہ بچے ’پالن ہار یوجنا‘ سے مستفید ہو رہے ہیں جس پر آئندہ سال 450 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔

چوتھا سنکلپ: باصلاحیت مزدور، طلبا، نوجوان اور جوان

کھیل کے تئیں بیداری لانے کے لیے فٹ راجستھان، ہٹ راجستھان کے ہدف کی طرف ایک قدم بڑھانے کا عزم ظہار کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلاک اور ضلع سطح پر کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ 2022 میں ہونے والے ریاستی کھیل مزید کامیاب ہوں گے جس کے لیے 5 کروڑ روپے کا انتظام کیا جائے گا۔ اولمپک میں طلائی تمغہ جیتنے پر 75 لاکھ کے انعام کو بڑھا کر 3 کروڑ، نقرئی تمغہ جیتنے پر رقم 50 لاکھ روپے سے بڑھا کر 2 کروڑ اور کانسہ کا تمغہ جیتنے پر رقم 30 لاکھ سے بڑھا کر 1 کروڑ کیا گیا ہے۔ دوسری طرف صنعتیں قائم کرنے کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں گے جس کے لیے 2011 میں سنگل ونڈو ایکٹ جو نافذ کیا گیا تھا، اس کو اثرانداز طریقے سے استعمال کیا جائے گا۔


پانچواں سنکلپ: تعلیم

تعلیم سے جڑے سبھی محکموں کے لیے سال 21-2020 میں کل 39 ہزار 524 کروڑ 27 لاکھ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔ ریاست میں 200 ہائیر مڈل اسکولوں کے اضافی شعبہ اور 300 ہائیر مڈل اسکولوں کے علاوہ سبجیکٹ کی ضرورت کے مطابق کھولے جائیں گے جس میں 25 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ سبھی سرکاری اسکولوں میں ہفتہ کے روز ’نو بیگ ڈے‘ رہے گا۔ اس دن پڑھانے-لکھنے کا کوئی کام نہیں ہوگا۔ اس دن طلبا کے سرپرست اور اساتذہ میٹنگ کریں گے، ثقافتی پروگرام ہوں گے، کھیل کود وغیرہ کا انعقاد ہوگا۔

چھٹا سنکلپ: پانی، بجلی اور سڑک

پی ایچ ڈی کے لیے سال 21-2020 میں کل 8 ہزار 794 کروڑ 51 لاکھ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔ پوری ریاست میں شہروں کی طرز پر دیہی خاندانوں کو گھر میں پینے کا پانی دستیاب کروانا ریاستی حکومت کی ترجیح ہے۔ اس کے لیے 21-2020 میں 16 اضلاع کے 30 منصوبوں کے کام شروع کیے جائیں گے۔ اس میں 4 ہزار 327 گاؤں اور 9 ہزار 159 ڈھانیوں کے تقریباً 9 لاکھ خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔ اس پروگرام میں تقریباً 1 ہزار 350 کروڑ روپے خرچ کا امکان ہے۔ بجلی محکمہ کے لیے سال 21-2020 میں کل 18 ہزار کروڑ 75 لاکھ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔ نئی اور شمشی توانائی کے تحت 30 ہزار میگاواٹ تک پروڈکشن صلاحیت قائم کرنے کا ہدف رکھا ہے۔ ریاست میں سڑک سے جڑی کئی باتیں بھی وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے بجٹ تقریر کے دوران کہیں۔ ریاست میں سڑک حادثہ میں زخمی ہونے پر کسی کو بھی فوراً نزدیکی پرائیویٹ اسپتال لے جانے پر اس کا علاج لازمی کرنے کی بات کہی گئی۔ ایسا نہیں کرنے پر پرائیویٹ اسپتال کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔


ساتواں سنکلپ: ہنر و تکنیک

وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ ہم ریاست کو اسکل اور آئی ٹی (ہنر اور تکنیک) کے تال میل کے ذریعہ فزیکل سے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی طرف لے جائیں گے۔ اس عمل میں ریاست کے سبھی 229 سرکاری آئی ٹی آئی میں ای کلاس روم کے ذریعہ ٹریننگ دی جائے گی۔ ریاست سے باہر مقیم راجستھانی مزدوروں کے لیے فلاحی منصوبے نافذ کروانے کے لیے 10 کروڑ روپے کے ’پرواسی راجستھانی شرمک کلیان کوش‘ کی تشکیل کا بھی اعلان کیا گیا۔ علاوہ ازیں اسٹارٹ اَپس کی ترقی کے لیے 75 ہزار کروڑ روپے کا راجیو ایٹ 75 فنڈ بنایا جائے گا جس میں ریاست کے تعلیمی اداروں سمیت دیگر اداروں میں قائم انکیوبیٹرس کو آئی اسٹارٹ راجستھان سے جوڑا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔