راجستھان: اب کسانوں کی زمینیں نہیں ہوں گی نیلام، وزیر اعلیٰ گہلوت نے لگائی پابندی

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں ریزرو بینک کے کنٹرول میں آنے والے کمرشیل بینکوں کی طرف سے قرض نہیں ادا کر پانے کے سبب روڑا ایکٹ کے تحت اراضی قرقی اور نیلامی کی کارروائی کی جا رہی ہے جسے روک دیا گیا ہے

راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت/ IANS
راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت/ IANS
user

قومی آوازبیورو

راجستھان میں کسانوں کی زمین نیلامی پر وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کسانوں کی اراضی نیلامی پر پابندی عائد کر دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں ریزرو بینک کے کنٹرول میں آنے والے کمرشیل بینکوں کی طرف سے قرض ادا نہیں کر پانے کے سبب روڑا ایکٹ کے تحت اراضی کی قرقی اور نیلامی کی کارروائی کی جا رہی ہے، جسے اب ریاستی حکومت کے افسران کو ہدایت دے کر روک دیا گیا ہے۔

ایک بیان میں گہلوت نے کہا کہ ’’ریاستی حکومت نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ اگر کسان قرض نہیں ادا کر پا رہے ہیں تو ان کی زمین قرق یا نیلام نہ کی جائے۔‘‘ مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’ریاست میں ریزرو بینک کے کنٹرول میں آنے والے کمرشیل بینکوں کے ذریعہ کسانوں کے قرض نہ ادا کر پانے کے سبب روڑا ایکٹ کے تحت اراضی قرقی و نیلامی کی کارروائی کی جا رہی ہے۔ ریاستی حکومت نے افسران کو اسے روکنے کی ہدایت دی ہے۔‘‘


وزیر اعلیٰ گہلوت نے یہ بھی کہا ہے کہ ’’ریاستی حکومت نے کوآپریٹو بینکوں کے قرض معاف کیے ہیں اور حکومت ہند سے گزارش کی ہے کہ کمرشیل بینکوں سے وَن ٹائم سیٹلمنٹ کر کسانوں کے قرض معاف کریں۔ ریاستی حکومت بھی اس میں حصہ برداشت کرنے کے لیے تیار ہے۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے مرکزی حکومت پر حملہ آور ہوتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت نے 5 ایکڑ تک زرعی زمین والے کسانوں کی زمین نیلامی پر روک کا بل اسمبلی میں پاس کیا، لیکن ابھی تک گورنر عزت مآب کی اجازت نہیں ملنے کے سبب یہ قانون نہیں بن سکا ہے۔ مجھے افسوس ہے کہ اس قانون کے نہیں بننے کے سبب ایسی نوبت آئی۔ میں امید کرتا ہوں کہ اس بل کو جلد ہی اجازت ملے گی جس سے آگے ایسی نیلامی کی نوبت نہیں آئے گی۔

واضح رہے کہ راجستھان کے دوسا ضلع میں قرض نہیں ادا کر پانے کے سبب ایک کسان کی 15 بیگھا زمین کو نیلام کرنے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ وہیں ریاست کے کئی اضلاع میں قرض نہیں ادا کرنے والے کسانوں کی زمین نیلام کرنے کے نوٹس بھی سامنے آئے ہیں۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے افسران کو یہ بڑا حکم دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔