راجستھان کے وزیر اعلیٰ گہلوت نے 100 یونٹ بجلی مفت دینے کا کیا اعلان، لاکھوں صارفین کو ہوگا فائدہ

اشوک گہلوت کے اعلان کے مطابق مہینہ میں 200 یونٹ بجلی خرچ کرنے والے صارفین کو پہلے 100 یونٹ بجلی مفت کے ساتھ 200 یونٹ تک کے فکسڈ چارج، فیوئل سرچارج اور تمام دیگر چارج معاف ہوں گے۔

اشوک گہلوت، تصویر آئی اے این ایس
اشوک گہلوت، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے 31 مئی کو ایک ایسا اعلان کیا جو ریاستی باشندوں کے لیے خوشی سے جھومنے والا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے 100 یونٹ ماہانہ تک بجلی خرچ کرنے والے صارفین کا بجلی بل صفر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یعنی 100 یونٹ بجلی عوام کے لیے مفت ہوگی اور اس سے ریاست کے لاکھوں لوگوں کو فائدہ ہوگا۔

وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے ٹوئٹر پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی راحت کیمپوں کا جائزہ لینے اور عوام سے بات کرنے پر فیڈ بیک آیا ہے کہ بجلی بلوں میں ملنے والی سلیب وار چھوٹ میں تھوڑی تبدیلی کی جائے۔ مئی ماہ میں بجلی بلوں میں آئے فیوئل سرچارج کو لے کر بھی عوام سے مشورہ ملا ہے جس کی بنیاد پر ایک بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔ اب 100 یونٹ تک بجلی خرچ کرنے والے صارفین کا بجلی بل صفر ہوگا۔ 100 یونٹ سے زیادہ بجلی خرچ کرنے والے کنبوں کو پہلے 100 یونٹ کی بجلی مفت دی جائے گی، باقی کے یونٹ کا بجلی بل دینا ہوگا۔


وزیر اعلیٰ کے اعلان کے مطابق مہینہ میں 200 یونٹ بجلی خرچ کرنے والے صارفین کو پہلے 100 یونٹ بجلی مفت کے ساتھ 200 یونٹ تک کے فکسڈ چارج، فیوئل سرچارج اور تمام دیگر چارج معاف ہوں گے۔ ان کی ادائیگی ریاستی حکومت کرے گی۔ اس سے قبل راجستھان کے وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا تھا کہ آج رات ریاستی باشندوں کو بڑی راحت دینے والی خبر سنائی جائے گی۔ رات تقریباً 10 بجے ایک ٹوئٹ کر انھوں نے لکھا تھا کہ ’’10.45 بجے ایک بڑا اعلان کروں گا جو ریاست کے لوگوں کو بڑی راحت دے گی۔‘‘ لیکن راحت والی یہ خبر انھوں نے تقریباً 11 بجے سنائی۔ ٹوئٹ میں جانکاری دی گئی کہ 100 یونٹ بجلی اب مفت ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔