راجستھان: وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے 167 نئی ایمبولینس گاڑیوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا

راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے آج صبح یہاں 167 نئی ایمبولینس (بیسک لائف سپورٹ-108) گاڑیوں کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جے پور: راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے آج صبح یہاں 167 نئی ایمبولینس (بیسک لائف سپورٹ-108) گاڑیوں کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔

وزیر اعلیٰ کے ذریعہ امر جوان جیوتی سے روانہ کی گئی ان ایمبولینسوں کو مختلف اضلاع میں بنیادی طبی خدمات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے بیڑے میں شامل کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے ایمبولینس انسپکشن موبائل ایپلیکیشن بھی جاری کیا، جس کے ذریعے ان ایمبولینس گاڑیوں کی نقل و حرکت پر موثر نگرانی کی جا سکتی ہے۔


اس موقع پر وزیر اعلیٰ گہلوت نے ایمبولینس کے ڈرائیوروں کو ایمبولینس کی چابیاں اور میڈیکل کٹ بھی سونپی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پورے ملک میں صرف 41 فیصد آبادی کے پاس ہی ہیلتھ انشورنس ہے، وہیں راجستھان میں آج 90 فیصد لوگوں کومکھیہ منتری چرنجیوی سواستھ بیمہ یوجنا کے تحت کور کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چرنجیوی یوجنا کے بارے میں زیادہ سے زیادہ بیداری پھیلائی جانی چاہیے، تاکہ کوئی بھی اہل شخص اس کے فوائد سے محروم نہ رہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں کورونا وبا کے دوران بہترین انتظام تھا۔ یہاں کے بھیلواڑہ ماڈل کو پوری دنیا میں سراہا گیا۔ ریاست کا صحت کا بنیادی ڈھانچہ کسی بھی قسم کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت خدمات سے متعلق اسکیموں کو ریاست میں شاندار طریقے سے نافذ کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے آج راجستھان صحت کے میدان میں ملک کی صف اول کی ریاست بن گئی ہے۔


اس موقع پر وزیر صحت پرسادی لال مینا، پانی کی فراہمی کے وزیر مہیش جوشی، تکنیکی تعلیم کے وزیر سبھاش گرگ، سابق وزیر تعلیم گووند سنگھ ڈوٹاسارا، چیف سکریٹری اوشا شرما، میئر میونسپل کارپوریشن جے پور ہیریٹیج منیش گرجر، سرکاری سکریٹری، طبی اور صحت محکمہ کے ڈاکٹر پرتھوی راج سمیت دیگرسینئر افسران اور عام لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔