راجستھان: اسکولی بچوں کو لے جا رہی بس کھائی میں گری، ایک طالبہ کی موت، کئی شدید زخمی
جئے پور- بیکانیر ہائی وے پر بس کا بریک فیل ہو جانے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ کئی بچے بس کے نیچے دب کر بُری طرح زخمی ہو گئے۔ مشتعل لوگوں نے قومی شاہراہ کو جام کرنے کی کوشش کی۔

سڑک حادثہ / یو این آئی
جئے پور- بیکانیر ہائی وے (قومی شاہراہ 52) پر جئے پور کے چوموں میں اسکول بس پُلیا سے نیچے کھائی میں گر گئی۔ اس حادثہ میں 12ویں کی طالبہ کی موت ہو گئی جبکہ نصف درجن بچے سنگین طور پر زخمی ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ڈاکٹر لگاتار نظر بنائے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حادثہ بس کا بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ حادثے میں کئی بچے بس کے نیچے دب گئے۔
اطلاع ملنے پر چوموں پولیس تھانہ موقع پر پہنچی۔ پولیس نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ سبھی زخمی بچوں کو علاج کے لیے چوموں کے سرکاری و نجی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثہ کو لے کر مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ ہے۔ لوگوں نے ہائی وے جام کرنے کی کوشش کی ۔ حالانکہ پولیس نے سمجھا بجھا کر لوگوں سے جام ہٹوایا۔ پولیس نے بتایا کہ بس ایک پرائیویٹ انسٹی چیوٹ کی تھی۔ جس میں تقریباً 50 بچے سوار تھے۔ بس صبح میں رام پورہ کی طرف سے تعلیمی اداروں میں بچوں کو لے کر جا رہی تھی۔
ایک عینی شاہد وشنو پرتاپ نے بتایا کہ بس کی رفتار کافی تیز تھی جو تقریباً 70 سے 80 کلومیٹر ہو سکتی ہے۔ بس کو اسکول کی طرف گھمانا تھا لیکن رفتار کی وجہ سے ڈرائیور اسے گھما نہیں پایا اور بس اُلٹ گئی۔ بعد میں کئی بچوں کو ششیے توڑ کر بس سے باہر نکالا گیا۔ ایک لڑکی گیٹ کے پاس تھی جیسے ہی بس نے پلٹی کھائی وہ نیچے دب گئی۔
مہلوکہ کی شناخت رام پورہ باشندہ 18 سالہ طالبہ کومل دیوندا کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے لاش کو شہر کے ضلع اسپتال مورچری میں رکھوایا ہے۔ لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد اہل خانہ کو سونپ دیا جائے گا۔ ادھر اسپتال میں اہل خانہ کا رو رو کر بُرا حال ہے۔ پولیس حادثے کی جانچ کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔