راجستھان: بیکانیر ملک کا پہلا شہر جہاں گھر گھر جا کر کورونا کی ٹیکہ کاری انجام دی جائے گی

ضلع بیکانیر میں کورونا کے خلاف ٹیکہ کاری پیر کے روز سے شروع ہوگی اور اس کے تحت 45 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو ٹیکہ لگایا جائے گا

تصویر بشکریہ این ڈی ٹی وی
تصویر بشکریہ این ڈی ٹی وی
user

قومی آوازبیورو

جے پور: راجستھان کا بیکانیر ملک کا پہلا شہر بننے جا رہا ہے جہاں ڈور ٹو ڈور یعنی کہ گھر گھر جا کر کورونا کے خلاف ٹیکہ کاری مہم چلائی جائے گی۔ پیر کے روز سے شروع ہونے جاری یہ ٹیکہ کاری 45 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے لئے انجام دی جائے گی۔ بیکانیر میں 2 ایمبولینسیں اور 3 موبائل ٹیمیں لوگوں کی دہلیز تک پہنچنے کے لئے تیار ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے لوگوں کے نام اور پتے کے ساتھ ویکسین کی خوراک کے اندراج کے لئے واٹس ایپ ہیلپ لائن شروع کر دی ہے۔

کم از کم 10 افراد کے رجسٹریشن کے بعد ویکسین وین ان کے گھروں کے لئے روانہ ہو جائے گی۔ موبائل وین کے روانہ ہونے سے قبل کم از کم 10 رجسٹریشن اس لئے درکار ہیں تاکہ ٹیکوں کی بربادی کو کم کیا جا سکے۔ خیال رہے کہ ویکسین کی ایک شیشی 10 افراد کو خوراک دینے کے لئے استعمال کی جا سکتی ہے۔


ویکسین وین ٹیکہ لگانے کے بعد ایک پتے سے دوسرے پتے تک جائے گی، جبکہ ایک میڈیکل ٹیم ٹیکہ لگوانے والے شخص کے ساتھ نگرانی کے لئے موجود رہے گی۔

ریاستی راجدھانی جے پور سے 340 کلومیٹر کے فاصلے پر بیکانیر شہر میں 16 شہری پرائمری ہیلتھ سنٹرس موجود ہیں اور ان مراکز کے ڈاکٹروں کو اس بارے میں بتایا جائے گا کہ ان کے علاقے میں کس کس کو ٹیکہ لگایا جا رہا ہے تاکہ وہ کسی طرح کے منفی اثرات کی نگرانی کرسکیں۔

بیکانیر کے کلکٹر نمیت مہتا نے بتایا کہ 2011 کی مردم شماری کے مطابق شہر کی آبادی سات لاکھ سے زیادہ ہے اور اب تک اس کی تقریباً 60-65 فیصد آبادی کی ٹیکہ کاری انجام دی جا چکی ہے۔

مہتا نے کہا ’’ماہرین نے کووڈ انفیکشن کی تیسری لہر کی پیش گوئی کی ہے۔ اس کے پیش نظر ہم 45 سال کے زمرے کی 75 فیصد ٹیکہ کاری کا ہدف بنا رہے ہیں۔ اس عمر کے زمرے میں شامل بزرگ اور خواتین کو مرکز جانے میں پریشانی ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ گھر گھر جا کر ٹیکہ کاری انجام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘‘


بیکانیر میں تاحال 369000 سے زیادہ افراد کو ٹیکہ لگایا جا چکا ہے۔ ضلع میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 28 نئے کیسز درج کئے گئے ہیں اور مجموعی طور پر 40118 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ بیکانیر میں 527 اموات واقع ہوئی ہیں اور فی الحال 453 معاملات فعال ہیں۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راجستھان میں کورونا کے 368 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 16 اموات واقع ہوئیں۔ ریاست میں فی الحال 8400 معاملات فعال ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔