راج ٹھاکرے نے دیا ’مودی مکت بھارت‘ کا نعرہ

راج ٹھاکرے نے وزیر اعظم مودی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ نیرو مودی سے توجہ ہٹانے کے لئے شری دیوی معاملہ کو طول دیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: مہاراشٹر نونرمان سینا یعنی ایم این ایس کے سربراہ راج ٹھاکرے نے ’ مودی مکت بھارت ‘ کا نعرہ دیتے ہوئے تمام اپوزیشن جماعتوں کو ایک ساتھ آنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نیرو مودی معاملے کو دبانے کے لئے شری دیوی کی موت کے معاملے کو طول دیا گیا۔

ممبئی میں ہفتہ کی شام گڑی پڑوا یعنی ہندو نئے سال کی شروعات کے موقع پر شیواجی پارک میں منعقدہ ایک ریلی میں راج ٹھاکرے نے صاف کہا کہ 2019 میں مودی اور بی جے پی کو روکنے کی ضرورت ہے۔ ہندوستان کو مودی سے پاک کرانے کے لئے تیسرے محاذ کو آگے آنا ہو گا۔

راج ٹھاکرے نے اپنی ایک گھنٹے کی تقریر میں الزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ بی جے پی آنے والے وقت میں ملک بھر میں بڑے فسادات کرا سکتی ہے۔ راج ٹھاکرے نے کہا کہ ’’ملک کو پہلی آزادی 1947 میں ملی تھی۔ 1977 میں دوسری آزادی حاصل ہوئی اور اب ہندوستان کو مودی سے پاک کر کے ہم 2019 میں ملک کو تیسری آزادی دیں گے۔‘‘

گورکھپور اور پھول پور کے نتائج کا ذکر کرتے ہوئے راج ٹھاکرے نے کہا کہ ان دونوں سیٹوں پر بی جے پی کی شکست صرف اپوزیشن کے ایک ہونے کی طاقت کی وجہ سے ہوئی ہے۔ راج ٹھاکرے نے کہا کہ ماہرین کے مطابق 2019 میں بی جے پی کو صرف متحد ہوکر ہی شکست دی جا سکتی ہے۔

نیرو مودی اور شری دیوی کی موت کا ذکر کرتے ہوئے راج ٹھاکرے نے کہا ’’ایسا کہا گیا کہ شری دیوی کی موت باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی اور انہوں نے شراب پی رکھی تھی۔ جس کی موت شراب پی کر ہوئی، اس کی لاش کو ترنگے میں لپیٹا گیا۔ یہ غلط ہے اور اس کے لئے ریاستی حکومت ذمہ دار ہے۔ ‘‘

انہوں نے کہا ’’جواز یہ پیش کیا گیا کہ چونکہ شری دیوی پدم شری ایوارڈ یافتہ تھیں اس لئے ایسا کیا۔ لیکن سچ یہ نہیں تھا۔ بلکہ یہ سارا کھیل پی این بی گھوٹالے سے توجہ ہٹانے کے لئے کیا گیا تھا۔ ‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔