دہلی، یوپی-بہار سمیت کئی ریاستوں میں بارش کا سلسلہ رہے گا جاری، محکمہ موسمیات کا 7 دنوں کا الرٹ جاری
محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون فعال ہے اور اپنے معمول کی حالت سے جنوب کی طرف چل رہا ہے۔ یہ 21 اگست سے رفتہ رفتہ شمال کی طرف بڑھے گا جس سے کئی جگہوں پر تیز بارش دیکھنے کو مل سکتی ہے۔

ملک کے کئی حصوں میں شدید بارش سے حالات بگڑتے جا رہے ہیں۔ جہاں ایک طرف ممبئی میں بارش نے قہر برپا کیا ہوا ہے وہیں راجدھانی دہلی میں کچھ دنوں سے ہلکی سے درمیانی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اتر پردیش میں بھی کئی اضلاع میں بارش ہو رہی ہے۔ حالانکہ مشرقی اتر پردیش میں کسان بارش کی امید میں آسمان پر نظر لگائے بیٹھے ہیں۔ اس وقت شمالی و جنوبی ہند کی کئی ریاستوں میں بارش ہو رہی ہے۔ ان سب کے درمیان محکمہ موسمیات نے ملک کے کچھ حصوں میں آج بھی بارش کو لے کر الرٹ جاری کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون فعال ہے اور اپنے معمول کی حالت سے جنوب کی طرف چل رہا ہے۔ یہ 21 اگست سے رفتہ رفتہ شمال کی طرف بڑھے گا جس کی وجہ سے کئی جگہوں پر شدید بارش سے انتہائی شدید بارش دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اگلے 7 دنوں تک مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، مشرقی راجستھان، ہریانہ، مغربی بنگال اور بہار کے کچھ حصوں میں شدید سے انتہائی شدید بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
گزشتہ کچھ دنوں سے دہلی-این سی آر پر بھی موسم کافی مہربان ہے۔ مسلسل ہو رہی ہلکی اور درمیانی بارش سے درجہ حرارت میں کمی آئی ہے۔ حالانکہ بدھ کی رات لوگوں کو اومس بھری گرمی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس درمیان محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جمعرات کو بھی دہلی کے مختلف حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔ اگلے سات دنوں تک بارش کا یہ سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
مغربی اتر پردیش کے کئی ضلعوں میں آج ہلکی سے درمیانی بارش دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ وہیں مشرقی اتر پردیش میں لوگوں کو بارش کے لیے اگلے کچھ دنوں کا انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق 25-22 تاریخ کے دوران مشرقی اتر پردیش اور 26-23 اگست کے دوران مغربی اتر پردیش میں شدید بارش ہونے کی امید ہے۔
وہیں ممبئی میں گزشتہ دنوں سے ہو رہی مسلسل بارش سے حالات بے حد خراب ہو چکے ہیں۔ بارش کی وجہ سے لوگوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہاں شدید بارش سے عام زندگی پوری طرح سے درہم برہم ہو چکی ہے۔ بی ایم سی نے کہا ہے کہ سبھی محکمہ الرٹ پر ہیں اور ضرورت پڑنے پر ضروری اقدامات کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اس درمیان محکمہ موسمیات نے ممبئی کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔