دہلی-این سی آر میں موسلادھار بارش، پنجاب-ہریانہ سمیت کئی ریاستوں میں طوفان اور ژالہ باری کا ایلرٹ
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں کے دوران شمالی، مشرقی اور جنوبی ہندوستان کے کئی حصوں میں تیز گرج چمک، آسمانی بجلی گرنے اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
تصویر بشکریہ سوشل میڈیا، ویڈیو گریب
دہلی-این سی آر میں جمعہ کی دیر رات شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ صبح تک جاری ہے۔اس سے درجہ حرارت گر گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ لیکن معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا کہ دہلی میں جمعرات اور جمعہ کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اندازہ ہے کہ اگلے چند دنوں تک درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے نیچے رہے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
جمعرات کو، صفدرجنگ میں دہلی کے اہم موسمی اسٹیشن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے ایک ڈگری کم ہے۔ اس کے ساتھ ہی کم از کم درجہ حرارت 26.8 ڈگری سیلسیس رہا جو کہ معمول سے دو ڈگری زیادہ ہے۔ صبح 8:30 بجے ہوا میں نمی کی سطح 59 فیصد تھی جو شام 5:30 بجے تک کم ہو کر 43 فیصد رہ گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں کے دوران شمالی، مشرقی اور جنوبی ہندوستان کے کئی حصوں میں تیز گرج چمک، آسمانی بجلی گرنے اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ خاص طور پر شمالی پنجاب، ہریانہ، ہماچل پردیش، جنوب مغربی راجستھان، اوڈیشہ، چھتیس گڑھ، جنوبی گنگا ساحلی مغربی بنگال اور شمالی ساحلی آندھرا پردیش کے لیے وارننگ جاری کی گئی ہے۔
اگلے دو گھنٹوں کے دوران اوڈیشہ کے کندھمال، کالاہانڈی اور رائےگڑا اضلاع میں 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے اور تیز بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے جس سے معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ یہ ہوائیں کچے مکانات، درختوں اور فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ بجلی اور مواصلاتی لائنوں میں خلل پڑنے کا بھی خدشہ ہے۔ لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کنکریٹ کے گھروں میں پناہ لیں، درختوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں اور کھلے میں باہر نہ نکلیں۔ خراب موسم کی وجہ سے کاشتکاروں سے اپنے زرعی کام بند کرنے کو کہا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔