یوپی میں حادثوں کی بارش! لکھنؤ میں دیوار گرنے سے 9، اناؤ میں چھت گرنے سے 3 افراد ہلاک

لکھنؤ میں شدید بارش کی وجہ سے دیوار گرنے سے 9 افراد کی موت ہو گئی، جبکہ اناؤ میں دیر رات گئے چھت گرنے کے سبب 3 افراد کی جان چلی گئی

لکھنؤ میں بارش / یو این آئی
لکھنؤ میں بارش / یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: اتر پردیش کے کئی علاقوں میں شدید بارشوں کے درمیان کئی مقامات پر حادثے پیش آنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ راجدھانی لکھنؤ میں شدید بارش کی وجہ سے جمعہ کے روز ہولناک حادثہ پیش آیا، جس میں دیوار گرنے کے سبب 9 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ادھر، اناؤ میں بھی مکان کی چھت گرنے کے سبب 3 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ اناؤ میں ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق لکھنؤ کے کینٹ تھانہ علاقے کے دلکشا گارڈن میں ایک مکان کی دیوار مہندم ہو گئی۔ اس حادثہ میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد کی موت ہو گئی۔ جبکہ دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ مہلوکین میں 3 بچے اور 3 خواتین بھی شامل ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ لوگ دیوار کے پاس سو رہے تھے، جو اچانک ان کے اوپر گر گئی۔ پولیس انتظامیہ موقع پر امدادی کاموں میں مصروف ہے۔


ادھر، اناؤ میں دیر رات گئے ایک مکان کی چھت گرنے سے ہونے والے حادچہ میں دو نابالغوں سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے۔ یہاں ایک خاتون زخمی ہوئی ہے۔ اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائی کی۔ زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت جان گنوانے والے بچوں کی ماں کے طور پر ہوئی ہے۔

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے لکھنؤ میں دیوار گرنے اور اناؤ میں چھت گرنے کا نوٹس لیا ہے اور مہلوکین کے لواحقین کو 4 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ ضلع مجسٹریٹ اور اعلیٰ پولیس افسران کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے تمام زخمیوں کے علاج کے لیے مناسب انتظامات کرنے کی بھی ہدایات دی ہیں۔

خیال رہے کہ بارشوں کے سبب اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ سمیت پوروانچل اور بندیل کھنڈ کے علاقوں میں کہرام مچا یوا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر کئی مقامات پر اسکول اور دفاتر بند کر دیئے گئے ہیں۔ لکھنؤ کے ضلع مجسٹریٹ سوریہ پال گنگوار نے صورتحال تمام سرکاری، غیر سرکاری اور نجی اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔


اتر پردیش میں اگلے تین دنوں تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔ موسمیاتی مرکز لکھنؤ نے اس کے پیش نظر الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق خلیج بنگال سے آنے والا کم دباؤ کا علاقہ بندیل کھنڈ کے راستے یوپی میں داخل ہو رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ ریاست کے کئی اضلاع میں موسلادھار بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔