پہاڑی علاقوں میں آسمانی آفت جاری، رودرپریاگ میں بادل پھٹنے سے تباہی

پہاڑی ریاستوں میں مانسون کی بارش آفت بن کر برس رہی ہے، رودرپریاگ ضلع کے تیونکھر اور گھرڑا گاؤں میں زوردار بارش سے کافی نقصان ہوا ہے، بادل پھٹنے کے سبب یہاں ہزاروں ہیکٹیر اراضی تباہ ہو گئی ہے۔

رودرپریاگ میں بادل پھٹنے سے تباہی، تصویر آئی اے این ایس
رودرپریاگ میں بادل پھٹنے سے تباہی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

پہاڑوں میں مانسون اپنے آخری مراحل میں ہے، لیکن پہاڑی ریاستوں میں موسلادھار بارش نے آفت کا نظارہ پیش کر رکھا ہے۔ جگہ جگہ بادل پھٹنے کے سبب کافی نقصانات ہو رہے ہیں۔ رودرپریاگ کے دور دراز علاقے جکھولی واقع گھرڑا گاؤں میں بادل پھٹنے سے زبردست تباہی ہوئی ہے۔ یہاں بہنے والی ہلاؤں ندی میں طغیانی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ہلاؤں ندی کی طغیانی برھنے سے تیونکھر گاؤں میں دیہی باشندوں کی ہزاروں ہیکٹیر اراضی تباہ ہو گئی ہے۔ لگاتار بارش کے سبب مقامی لوگ خوفزدہ ہیں۔ پہاڑوں میں اب بھی بارش لگاتار جاری ہے۔

پہاڑی ریاستوں میں مانسون کی بارش آفت بن کر برس رہی ہے، رودرپریاگ ضلع کے تیونکھر اور گھرڑا گاؤں میں زوردار بارش سے کافی نقصان ہوا ہے، بادل پھٹنے کے سبب یہاں ہزاروں ہیکٹیر اراضی تباہ ہو گئی ہے۔ کئی گھروں میں ملبہ بھی گھس گیا ہے۔ عوام نے کسی طرح رات میں اپنی جان بچائی۔ دوسری طرف تیونکھر گاؤں میں کئی رہائشی عمارتوں کے علاوہ گئوشالاؤں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ گھرڑا گاؤں میں ندی کنارے واقع مشہور شیو مندر کا بھی نصف حصہ ندی کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا ہے۔ رات کے وقت مندر کے پجاری نے کسی طرح سے اپنی جان بچائی۔ مندر اور گاؤں کو جوڑنے والے پل بھی ان آفات کی نذر ہو گئے ہیں۔ علاوہ ازیں بھیروناتھ مندر بھی ندی میں بہہ گیا ہے۔ لگاتار ہو رہی بارش کے بعد گاؤں میں افرا تفری کا ماحول ہے اور لوگ خوفزدہ ہیں۔


ضلع کے جکھولی بلاک کے مختلف گاؤں میں بارش نے کافی نقصان پہنچایا ہے۔ تلواڑا میالی گھنسالی ریاستی سڑک بھی مرڈیگاڑ کے پاس گدیرے ندی کی طغیانی کے بعد بند ہو گیا ہے۔ یہاں سڑک کنارے بنا ایک ڈھابہ بھی گدیرے ندی میں بہہ گیا۔ ریاستی سڑک بند ہونے سے دونوں طرف سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔ اس کے علاوہ جکھولی علاقہ میں ڈیزاسٹر راحت بچاؤ کام کے لیے جا رہی این ڈی آر ایف اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیم بھی موقع پر پھنسی ہوئی ہے۔ محکمہ عوامی تعمیرات رودرپریاگ کی طرف سے جے سی بی مشین ریاستی سڑک پر جمع ملبہ کو صاف کرنے میں مصروف ہے، لیکن یہ ناکافی ثابت ہو رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔