دہلی-این سی آر میں صبح سے ہو رہی بارش نے معمولاتِ زندگی کو کیا متاثر، ممبئی میں بھی شدید بارش کا الرٹ
دہلی میں منگل کی صبح کہیں 6:30 بجے تو کہیں 7:00 بجے سے زوردار بارش ہو رہی ہے۔ اسکول اور کالج جانے والے طلبا کو اس کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

دہلی اور اس سے ملحقہ این سی آر میں منگل کی صبح سے ہی موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔ آسمان سیاہ ہے اور گھنے بادل یہ بتا رہے ہیں کہ صبح سویرے شروع ہوئی یہ بارش دیر تک جاری رہے گی۔ اسی کے پیش نظر محکمۂ موسمیات نے آج کے لیے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے، ساتھ ہی احتیاط برتنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ اگلے چند گھنٹوں تک بارش کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ریڈ الرٹ کے تحت آندھی اور طوفان کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دہلی میں منگل کی صبح کہیں 6:30 بجے تو کہیں 7:00 بجے سے زوردار بارش ہو رہی ہے۔ اسکول اور کالج جانے والے طلبا کو اس کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ زیادہ تر اسکولوں میں ’رینی ڈے‘ کا اعلان کر دیا گیا۔ اس بارش نے معمولاتِ زندگی کو پوری طرح متاثر کر دیا ہے۔ کئی مقامات پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے لوگوں کو ٹریفک جام میں پھنسنا پڑا۔ جگہ جگہ پانی بھر جانے سے سڑکوں پر چلنا بھی مشکل ہو رہا ہے۔
آئی ایم ڈی نے دہلی-این سی آر میں منگل کی صبح 10:13 بجے تک کے لیے جو الرٹ جاری کیا ہے، اس کے مطابق دہلی کے تمام اضلاع... وسطی دہلی، مشرقی دہلی، نئی دہلی، شمالی دہلی، شمال مشرقی دہلی، شمال مغربی دہلی، شاہدرہ، جنوبی دہلی، جنوب مشرقی دہلی، جنوب مغربی دہلی اور مغربی دہلی میں بارش کا ریڈ الرٹ ہے۔ ان علاقوں میں 60 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا اندازہ ہے۔ ساتھ ہی بجلی چمکنے اور طوفان کے ساتھ شدید بارش کا بھی بہت زیادہ امکان ہے۔ بارش 15 ملی میٹر فی گھنٹے سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔ اس دوران گروگرام انتظامیہ نے 25 اگست کو اسکولوں کے لیے آن لائن کلاسز اور دفاتر کے لیے ورک فرام ہوم کا مشورہ دیا ہے۔ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ دہلی-این سی آر میں بارش، آندھی اور طوفان کا یہ سلسلہ 29 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔
دوسری طرف محکمۂ موسمیات نے اتر پردیش کے کئی اضلاع میں بھی آج شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ وارانسی، چندولی، غازی پور، جونپور، بلیا، پرتاپ گڑھ، چترکوٹ، مہوبا، باندا، ہمیرپور اور جھانسی سمیت کئی اضلاع میں درمیانی سے تیز بارش ہو سکتی ہے۔ کئی اضلاع میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ آج بہار میں بھی شدید بارش کے ساتھ آندھی اور بجلی گرنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ ریاست میں آج سے 27 اگست تک شدید بارش ہو سکتی ہے۔ آج ریاست کے 11 اضلاع میں الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ جھارکھنڈ کے 6 اضلاع میں بھی آرینج، جبکہ 12 اضلاع میں بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
اُدھر پورے مشرقی راجستھان میں محکمۂ موسمیات نے آج آندھی اور بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ مغربی راجستھان کے جودھپور اور بیکانیر ڈویژن کے بیشتر حصوں میں فی الحال مانسون کمزور رہے گا۔ ریاست میں مانسون پوری طرح فعال ہے۔ ریاست کے مشرقی حصے سے لے کر مغربی حصے تک انتہائی شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ آج ریاست کے 5 اضلاع میں آرینج الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے چھتیس گڑھ میں بھی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، جہاں پہلے ہی مانسون نے لوگوں کی معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر رکھا ہے۔
اس درمیان پنجاب کے کئی اضلاع میں ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔ ہریانہ کے دہلی سے ملحقہ شہروں میں شدید بارش کی وارننگ ہے۔ مہاراشٹر کے ممبئی میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ آج مغربی بنگال کے کئی اضلاع میں بھی شدید بارش کا امکان ہے۔ اڈیشہ میں ہلکی سے درمیانی بارش دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ سکم، کیرالہ، کرناٹک، تمل ناڈو اور پڈوچیری میں بھی شدید بارش کا امکان ہے۔
پہاڑوں کی بات کریں تو اتراکھنڈ میں آج تمام اضلاع میں کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش یا گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہونے کا امکان ہے۔ دہرادون، پتھورا گڑھ، نینی تال اور باگیشور میں کہیں کہیں شدید بارش ہو سکتی ہے، اس لیے یہاں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ہماچل پردیش کے شملہ اور کانگڑا میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔ جموں و کشمیر کے کئی علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
