ممبئی میں موسلادھار بارش دوسرے روز بھی جاری، معمولات زندگی درہم برہم

کئی مقامات پر درخت گرنے اور بجلی کا شاک لگنے کے واقعات پیش آئے ہیں، نشیبی علاقوں میں جمع پانی کو نکال دیا گیا اور پہاڑیوں پر اور ان کے دامن میں رہنے والوں کو متنبہ کردیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: عروس البلاد ممبئی میں جمعہ کی شب سے جاری بارش کا سلسلہ آج دوسرے دن بھی جاری رہا، شہر میں دوہفتے تاخیر دستک دینے کے بعد بارش نے تباہی مچا دی ہے، شہر کا کوئی ایسا علاقہ نہ بچا جہاں شاہراہوں اور رہائشی سوسائٹیوں اور محلوں میں پانی نہیں جمع ہوا ہو، یہاں تک کہ دونوں قومی شاہراہیں بھی اس سے بچ نہیں سکیں۔ کئی مقامات پر درخت گرنے اور بجلی کا شاک لگنے کے واقعات پیش آئے ہیں،نشیبی علاقوں میں جمع پانی کو نکال دیا گیا اور پہاڑیوں پر اور ان کے دامن میں رہنے والوں کو متنبہ کردیا گیا ہے۔

جنوب مغربی مانسون تقریباً 20 دن کی تاخیر سے یہاں پہنچا ہے اور مہاراشٹر میں اس کے پہنچنے کے ساتھ ساتھ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے مانسون کی رفتارکم ہوچکی ہے۔ممبئی شہریوں نے موسلادھاربارش کے ساتھ جمعہ کو آنکھ کھولی اور محکمہ کا کہنا ہے کہ 29 جون تک بھاری بارش کا امکان ہے ،جزیرہ نما ممبئی میں 43.23 ایم ایم مشرقی مضافات میں 64.14 ایم ایم اور مغربی مضافات میں 78.21 ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ویسٹرن ایکسپریس قومی شاہراہ پر میٹروکا تعمیراتی کام جاری ہونے کے سبب کافی دشواری پیش آرہی ہے اور ٹریفک کو باندرہ سے ایس وی روڈ پر منتقل کردیا گیا ہے۔ کہیں کسی ناخوشگوار واقعہ کی کوئی خبر نہیں ملی ہے ،لیکن بی ایم سی کے ہنگامی حالات کا شعبہ ہوشیار ہے اور پانی نکالنے کے لیے ہرممکن کوشش میں لگا ہے۔


ممبئی سمیت تھانے ،کوکن ،وسئی ،ویراراور نالاسوپارہ میں بھاری بارش کی وجہ سے عام زندگی متاثر ہوئی ہے اور جگہ جگہ پانی جمع ہوجانے سے ٹریفک متاثر ہوا ہے اور میونسپل کارپوریشن کے تمام دعوے کھوکھلے ثابت ہوگئے ہیں کہ میٹھی ندی اور نالوں کی صفائی کے سبب شہر میں پانی جمع نہیں ہوگا،لیکن نشیبی علاقے ڈوب گئے ہیں ۔بھاری بارش کے نتیجے میں ممبئی کے شہریوں کو گرمی سے راحت مل گئی ہے۔جبکہ شہر میں مختلف علاقوںمیں پیش آئے واقعات میں چار افرادبشمول ایک کمسن ہلاک ہوگئے ہیں اور پہلی بار شے سے عام زندگی بُری طرح متاثر ہوئی ہے۔

شمال مغربی مضافات گورے گاﺅں میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کو احاطہ میں ایک ننگے بجلی کے تار سے کرنٹ لگا اور جس میں ایک بچی سمیت دوکی موت ہوگئی اور دوجھلس گئے ہیں۔ان کے نام 60سالہ راجندر یادواور سنجے یادوبتائے ہیں جبکہ دیپو یادو(24)اور پانچ سالہ آشا یادوزخمی ہیں۔ایک الگ واقعہ میں اندھیری میں ایک 60سالہ خاتون کشیما یدیر کو بھی آرٹی او دفتر کے قریب بجلی کا شاک لگااور اسپتال میں اسے مردہ قراردے دیا گیا۔ایک 8سالہ لڑکا تھانے ضلع میں تیرن پارہ گاؤں میں بجلی گرنے سے ہلاک ہوگیا ہے ،وہ اپنے گھر کے باہر کھیل رہا تھا۔


ممبئی میں بارش تاخیر سے پہنچا ہے اور پہلی ہی بارش میں سینٹرل ،ویسٹرن ریولے کی لوکل ٹرینیں اور دونوں احمدآباد اور آگرہ روڈ بالترتیب ویسٹرن اور ایسٹرن ہائی وے پانی جمع ہونے سے متاثر ہوئے ہیں اورٹریفک جام پایا گیا۔پروازیں ممبئی ایئرپورٹ سے 15منٹ تاخیر سے روانہ ہوئیں۔کیونکہ بپاری بارش کے سبب رن وے پر کچھ نظرنہیں آرہا تھا۔ملن سانتاکروز ،دہیسر ،ملاڈاور اندھیری میں واقع ریلوے کے سب وے کے نیچے پانی جمع ہوگیا ہے اور ٹریفک جام ہوگیا ہے۔شہر میں دادر،سائن ،سیوڑی ،وڈالا ،انٹاپ ہل ،مضافاتی علاقے کرلا ،اندھیری ،کنجورمارگ بھانڈوپ میں سڑکو ں پر تین چارفٹ پانی جمع ہوگیا ۔

بی ایم سی کے مطابق شام 6بجے تک 67ایم ایم ،مشرقی مضافات 120ایم ایم اور مغربی مضافات میں 90ایم ایم بارش ریکارڈکی گئی ہے۔اندھیری ،جوہو ،وکھرولی ،کرلا اور دیگر علاقوںمیں 120-130ایم ایم بارش ہوئی ہے۔جبکہ ممبئی کو پانی فراہم کرنے والی ویہارلیک (209ایم ایم )،تلسی جھیل (143ایم ایم )،موڈک ساگرجھیل (69ایم ایم )اور مڈل ویترنا (78ایم ایم )میں بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔


واضح رہے کہ ممبئی میں بارش میں تقریباً دوہفتے کی تاخیر میں پانی کی کمی واقع کردی ہے ،لیکن بی ایم سی کا دعوی ٰ ہے کہ جولائی تک پانی کا ذخیرہ ہے ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دوروم تک بھاری بارش کا امکان ہے ۔بارش سے گرمی راحت ہوئی ہے اور کم سے کم درجہ حرارت 24ڈگری سلیس اور زیادہ سے زیادہ 30ڈگری سلیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دریں اثناءمحکمہ موسیمات کے مطابق مہاراشٹر میں مانسون نے 25جون کو دستک دے دی تھی ،لیکن میں گزشتہ شب میں اس کی آہٹ سنائی دی ہے ،نصف شب سے جاری موسلادھار اور تیز ہواﺅں کے ساتھ ہونے والی بارش سے سب سے زیادہ مضافاتی علاقے ولے پارلے،جوہو،ملنڈ ،اندھیری ،کے ساتھ ساتھ دورافتادہ مضافاتی علاقے تھانے ،ٹٹوالا،نالاسوپارہ ،وسئی ۔ویراراور ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے متاثر ہوا ہے۔پچھلے سال بھی 10 جولائی کوہونے والی طوفانی بارش میں نالاسوپارہ ،وسئی اور ویرار مکمل طورپر سیلاب کا شکار ہوگئے تھے۔گزشتہ سال یہاں دوتین دنوں میں 240ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔اور ایک ہفتے تک شہری بجلی اور پینے کے پانی کی سپلائی سے محروم رہے تھے۔ہزاروں افراد ٹرینوںاور بسوںمیں پھنسے رہے جبکہ شہریوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Jun 2019, 6:10 PM