دہلی-این سی آر میں بارش سے موسم ہوا خوشگوار، لوگوں کو گرمی سے ملی راحت
دہلی، غازی آباد، نوئیڈا، گروگرام اور فرید آباد جیسے کئی شہروں کے رہائشیوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر تیز دھول بھری آندھی کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں۔

بارش کی فائل تصویر / آئی اے این ایس
دہلی-این سی آر میں موسم نے اتوار کو اچانک کروٹ لی، کئی علاقوں میں دھول بھری آندھی کے بعد بارش ہوئی، جس کے بعد موسم کافی خوشگوار ہو گیا اور لوگوں کو گرمی سے وقتی طور پر راحت ملی۔ دہلی، غازی آباد، نوئیڈا، گروگرام اور فرید آباد جیسے کئی شہروں کے رہائشیوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر تیز دھول بھری آندھی کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں۔ ویڈیو میں تیز ہواؤں کے ساتھ درخت ہلتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
دہلی-این سی آر کے کچھ حصوں کے لیے محکمہ موسمیات نے اورنج الرٹ جاری کیا ہے، جس میں آندھی، بجلی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ’’اگلے 2 گھنٹوں کے دوران پورے دہلی، این سی آر (نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا، گروگرام، فرید آباد، مانیسر، بلب گڑھ) میں دھول بھری آندھی، اس کے بعد ہلکی بارش اور آسمانی بجلی گرنے کا امکان ہے۔‘‘
ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، یکم جون کو قومی راجدھانی میں کم سے کم درجہ حرارت 27.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو موسم کے اوسط سے 0.3 ڈگری زیادہ ہے۔ آئی ایم ڈی نے دن میں جزوی طور پر بادل چھائے رہنے اور گرج کے ساتھ ہلکی بارش کی پیش گوئی کی تھی۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 51 سے 56 فیصد کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔ وہیں سنٹرل پولوشن کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے اعداد و شمار کے مطابق اتوار کو صبح 9 بجے ایئر کولٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 198 کے ساتھ ’اعتدال‘ پسند زمرے میں درج کیا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔