دہلی-این سی آر میں موسم کی کروٹ، بارش و تیز ہواؤں سے راحت، محکمہ موسمیات کا طوفان کا الرٹ
دہلی-این سی آر میں تیز ہواؤں اور بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے آندھی، بجلی اور دھول بھری آندھی کا الرٹ جاری کیا ہے، جبکہ کئی ریاستوں میں ہیٹ ویو کی وارننگ بھی دی گئی ہے

دہلی بارش کی فائل تصویر / آئی اے این ایس
نئی دہلی: دہلی اور گرد و نواح میں ہفتہ کے روز موسم نے اچانک کروٹ لی، جس کے باعث شہریوں کو گرمی سے وقتی راحت ملی۔ تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش نے دہلی-این سی آر کے ماحول کو خوشگوار بنا دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوائیں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں، جس کے بعد درجہ حرارت میں کمی آنے کی امید ہے۔ موسم کی اس تبدیلی کے پیشِ نظر دہلی میں ’اورنج الرٹ‘ جاری کر دیا گیا ہے۔
یہ اس ہفتے کا دوسرا ’اورنج الرٹ‘ ہے۔ اس سے قبل منگل کے روز بھی دہلی-این سی آر میں ہلکی سے درمیانی سطح کی بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں تک دہلی میں جزوی طور پر بادل چھائے رہیں گے اور 19 مئی تک ایسا ہی موسم بنے رہنے کی توقع ہے۔
آئی ایم ڈی نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ دہلی سمیت شمالی ہندوستان کے کئی علاقوں میں آندھی، بجلی چمکنے اور دھول بھری آندھی کا امکان ہے، جس کے ساتھ تیز سطحی ہوائیں چل سکتی ہیں جن کی رفتار 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو سکتی ہے اور جھکڑوں کی صورت میں یہ رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
دہلی کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر کئی علاقوں میں بھی موسم کے بدلتے رنگ دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز شمالی اور وسطی ہندوستان کے کچھ حصوں میں شدید گرمی کی پیش گوئی کی تھی، جبکہ کچھ مقامات پر بارش اور طوفانی ہواؤں کا امکان بھی ظاہر کیا گیا۔
محکمہ کے مطابق خاص طور پر اتر پردیش، راجستھان اور مدھیہ پردیش کے کچھ علاقوں میں 22 مئی تک شدید گرمی کی لہر جاری رہنے کا اندیشہ ہے۔ مغربی راجستھان میں 22 مئی تک ہیٹ ویو جیسی صورتحال رہنے کا امکان ہے، جبکہ 17 مئی کو اتر پردیش اور جموں و کشمیر اور 18 و 19 مئی کو مدھیہ پردیش کے شمالی حصوں میں شدید گرمی پڑنے کی توقع ہے۔
ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ لوگ دوپہر کے وقت غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، پانی کی مقدار زیادہ لیں اور گرمی سے بچاؤ کے تمام ممکنہ اقدامات کریں۔ ادھر دہلی میں ہفتے کی شام ہونے والی بارش سے اگرچہ درجہ حرارت میں وقتی کمی آئی ہے لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ موسم کی یہ تبدیلی وقتی ہو سکتی ہے اور آئندہ دنوں میں پھر سے گرمی کی شدت محسوس کی جا سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔