دہلی-یوپی سمیت کئی ریاستوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا الرٹ، شمال مشرقی ریاستوں کی طرف بڑھ رہا ہے مانسون

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مانسون کے یوپی اور دہلی تک پہنچنے میں ابھی 10 دنوں کا وقت لگ سکتا ہے۔ کئی ریاستوں میں بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی درج کی گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>بارش کی فائل تصویر / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

 کیرالہ میں مانسون کے وقت سے پہلے پہنچنے اور مختلف ریاستوں میں اس کے تیزی سے بڑھنے سے پورے ملک میں درجہ حرارت میں کمی دیکھی گئی ہے۔ دہلی-این سی آر، اتر پردیش، ہریانہ اور پنجاب میں بھی تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کی وجہ سے شدید گرمی سے راحت ملی ہے وہیں کیرالہ، کرناٹک، مہاراشٹر، آسام سمیت کئی ریاستوں میں ہوئی زوردار بارش سے عام زندگی کافی متاثر بھی ہوئی ہے۔ اس درمیان محکمہ موسمیات نے کئی ریاستوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں آنے والے کچھ دنوں تک آسمان میں بادل چھائے رہنے کا امکان ہے جبکہ اگلے کچھ دنوں تک ہمالیائی مغربی بنگال اور میگھالیہ، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ اتر پردیش، ہریانہ اور پنجاب میں تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج و چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کے آثار ہیں۔


محکمہ موسمیات نے پہاڑی علاقوں میں درمیانی سے شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ جموں کشمیرو لداخ میں تیز ہواؤں اور گرج-چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ہماچل پردیش، ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی میں بھی درمیانی سطح کی بارش کا امکان ہے۔ یکم جون تک ان ریاستوں میں بارش ہونے کے آثار ہیں۔ گجرات، مراٹھواڑہ اور گوا میں بھی درمیانی بارش ہو سکتی ہے جبکہ کیرالہ شدید بارش کی پیش گوئی ہے۔

گزشتہ سال مئی کے آخر میں ’نوتپا‘ کی وجہ سے شدید گرمی پڑ رہی تھی۔ حالانکہ اس بار تیز ہواؤں اور بارش کے سلسلہ کی وجہ سے یہ بے اثر ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 31 مئی کو بھی اتر پردیش کے تقریباً 50 ضلعوں میں بارش کا امکان ہے۔ 31 مئی اور 1 جون کو بادل چھائے رہیں گے۔ کئی جگہوں پر 45 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔


بہار، جھارکھنڈ اور چھتیس گڑھ میں بھی موسم کا مزاج بدلنے والا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کئی ضلعوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی درج کی جائے گی۔ ویشالی، پٹنہ، سیوان، چھپرہ، بھوجپور اور بکسر کے علاوہ کئی ضلعوں میں آندھی-بارش کا الرٹ ہے۔

مانسون کی بات کی جائے تو آٹھ دن قبل ہی اس نے کیرالہ میں دستک دے دی تھی۔ اس کے بعد تیزی سے آگے بڑھتا رہا اور وقت سے 12 دن پہلے ہی مہاراشٹر پہنچ گیا۔ فی الحال مانسون مہاراشٹر، کرناٹک، چھتیس گڑھ، آندھرا پردیش، اوڈیشہ اور مغربی بنگال کے کچھ حصوں میں فعال ہے۔ اب یہ شمال مشرقی ریاستوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتر پردیش اور دہلی تک پہنچنے میں مانسون کو ابھی 10 دنوں کا وقت لگ سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔