جموں و کشمیر میں پھنسے سیاحوں کو واپس لانے کے لیے ریلوے کی اہم پیش قدمی، کٹرا سے نئی دہلی کے لیے چلے گی خصوصی ٹرین
مرکزی وزیر برائے شہری ہوابازی رام موہن نائیڈو کے حکم پر 4 خصوصی ٹرینوں کی شروعات کی گئی ہے۔ ان کا روٹ سری نگر سے دہلی اور ممبئی کے لیے ہوگا۔

علامتی تصویر، آئی اے این ایس
پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد سے ہی وہاں موجود سیاحوں اور دیگر مقاصد کے تحت گئے ہوئے لوگوں کے اندر خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ وہ لوگ کسی بھی قیمت پر وہاں سے واپس اپنے گھر آنا چاہتے ہیں۔ حکومت بھی ہرممکن کوشش کر رہی ہے کہ انہیں بحفاظت واپس گھر بھیج دیا جائے۔ دریں اثنا محکمہ ریلوے نے بھی اس سلسلے میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے خصوصی ٹرینوں کو چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاکہ بھیڑ کو کنٹرول کر کے جموں و کشمیر میں پھنسے مسافرین کو بحفاظت جلد از جلد گھر واپس بھیجا جا سکے۔
حملے کے بعد سے ہی سری نگر ایئرپورٹ کے ساتھ ساتھ ریلوے اسٹیشنوں پر بھی مسافرین کی بھیڑ لگی ہوئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ محکمہ ریلوے نے کٹرا سے نئی دہلی تک کے لیے خصوصی ٹرینوں کی شروعات کی ہے۔ شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا-نئی دہلی خصوصی ٹرین جس کی شروعات 23 اپریل سے ہو چکی ہے۔ یہ ٹرین رات 9: 20 منٹ پر چلے گی جو اودھم پور اور جموں توی اسٹیشن پر بھی رکے گی۔ اس کے بعد صبح 9: 30 منٹ پر دہلی ریلوے اسٹیشن پر پہنچے گی۔
واضح ہو کہ مرکزی وزیر برائے شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو کے حکم پر 4 خصوصی ٹرینوں کی شروعات کی گئی ہے۔ ان کا روٹ سری نگر سے دہلی اور ممبئی کے لیے ہوگا۔ وادی میں پھنسے ہوئے مسافرین کے لیے یہ خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ مسافرین محکمہ ریلوے کے آفیشیل ویب سائٹ اور آئی آر سی ٹی سی پورٹل کے ذریعہ ان ٹرینوں کے شیڈول اور ٹکٹ بکنگ کی جانکاری حاصل کر سکتے ہیں۔ ساتھ ہی محکمہ ریلوے نے مسافرین کی سہولت کے لیے اضافی پوچھ تاچھ کاؤنٹر اور ٹکٹ بکنگ کاؤنٹر کھولے ہیں اور ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں کی سیکورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔