ریلوے میں اَب بھی ہو رہی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، ٹکٹوں پر پی ایم مودی کی تصویر

لوک سبھا انتخابات کا اعلان ہونے کے ساتھ ہی پورے ملک میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہو گیا ہے لیکن بارہ بنکی میں ریل انتظامیہ اب بھی ٹکٹوں پر پی ایم مودی کی تصویراور آواس یوجنا کا اشتہار شائع کر رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے بارہ بنکی کے ریلوے اسٹیشن پر ایک ایسا معاملہ سامنے آیا ہے جس پر عام لوگ توجہ ہی نہیں دیتے، لیکن اتوار کو ایک بیدار نوجوان نے ریلوے انتظامیہ کی اس لاپروائی کو بڑی آسانی سے پکڑ لیا۔ دراصل ریلوے کاؤنٹر سے جو ٹکٹ دیئے جا رہے تھے ان پر پی ایم نریندر مودی کی تصویر لگی ہوئی ہے اور ان کی ایک اہم منصوبہ ’آواس یوجنا‘ کا اشتہار چھپا تھا۔

ریلوے میں اَب بھی ہو رہی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، ٹکٹوں پر پی ایم مودی کی تصویر

ایک مسافر نے وزیر اعظم کی تصویر لگی ہونے کی جانکاری ٹکٹ کاؤنٹر کو دی تو اسے وہاں سے بھگا دیا گیا۔ ریلوے افسران سے مایوس ہو کر اس شخص نے اپنی بات میڈیا کے سامنے رکھی۔ مسافر محمد شبر رضوی نے بارہ بنکی سے بنارس تک کے سفر کے لیے ٹکٹ بارہ بنکی جنکشن کے ٹکٹ کاؤنٹر سے لیا تھا۔ شبر رضوی نے بتایا کہ اسے جو ٹکٹ ملا اس پر وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر چھپی ہوئی تھی۔ تصویر دیکھ کر اسے خیال آیا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے اور ایسے میں اس طرح کے ٹکٹ کا تقسیم کیاجانا اس کی خلاف ورزی ہے۔ اس بات کی جانکاری لینے جب وہ ٹکٹ کاؤنٹر پر واپس گیا تو اسے وہاں سے بھگا دیا گیا۔ مجبور ہو کر اس نوجوان نے اپنی بات میڈیا کے سامنے رکھی۔

اس معاملے پر ریلوے افسر سریش کمار سے جب رابطہ کیا گیا تو انھوں نے بتایا کہ یہ غلطی سے ہو گیا ہے۔ ٹکٹ کا یہ بنڈل پرنٹنگ مشین میں غلطی سے لگ گیا اور اسی وجہ سے ایسے ٹکٹ نکلنے لگے۔ انھوں نے کہا کہ ریلوے کی ایسی کوئی منشا نہیں کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 Apr 2019, 7:09 PM