'ریلوے اور مرکز کا احتساب ہونا چاہیے'، بہار ٹرین حادثے پر کھڑگے کا بیان

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے جمعرات کو بہار کے بکسر میں آنند وہار-کاماکھیا نارتھ ایسٹ ایکسپریس حادثے میں مسافروں کی موت پر افسوس کا اظہار کیا اور ریلوے اور مرکز سے جوابدہی طے کرنے کا مطالبہ کیا

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے / آئی اے این ایس</p></div>

ملکارجن کھڑگے / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے جمعرات کو بہار کے بکسر میں آنند وہار-کاماکھیا نارتھ ایسٹ ایکسپریس حادثے میں مسافروں کی موت پر افسوس کا اظہار کیا اور ریلوے اور مرکز سے جوابدہی طے کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی حادثے میں مسافروں کی موت پر غم کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

ایکس پر ایک پوسٹ میں کھڑگے نے کہا، ’’بکسر، بہار میں نئی ​​دہلی سے آسام جانے والی نارتھ ایسٹ ایکسپریس کے پٹری سے اترنے کی خبر بہت افسوسناک ہے۔ اس ہولناک حادثے میں کئی لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور 100 سے زائد لوگ زخمی ہوئے ہیں۔‘‘


کھڑگے نے کہا، ’’ہم مرنے والوں کے خاندانوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔ کانگریس کارکنوں سے درخواست ہے کہ وہ متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کریں۔‘‘

انہوں نے 2 جون کو بالاسور، اڈیشہ میں پیش آنے والے ٹرپل ٹرین حادثے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا، ’’جون 2023 کے بالاسور ٹرین حادثے کے بعد یہ دوسرا بڑا حادثہ ہے۔ ریلوے کی وزارت اور مرکزی حکومت کا احتساب کیا جانا چاہئے۔‘‘

دریں اثنا، راہل گاندھی نے فیس بک پر ہندی میں ایک پوسٹ میں کہا، "دہلی-کاماکھیا نارتھ ایسٹ ایکسپریس حادثے میں کئی لوگوں کی موت کی خبر افسوسناک ہے۔ سوگوار کنبہ کے افراد سے میری تعزیت اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔ میں کانگریس کارکنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بچاؤ اور راحت کے کاموں میں انتظامیہ کی مدد کریں۔‘‘

واضح رہے آسام کے بکسر میں رگھوناتھ پور میں کاماکھیا جانے والی آنند وہار-کاماکھیا شمال مشرقی ایکسپریس کے 21 ڈبے پٹری سے اترنے سے کم از کم چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔