ریلوے کی زمین پر قبضہ لگاتار بڑھ رہا، 5 سال میں 32 فیصد اضافہ درج، آر ٹی آئی میں انکشاف

آر ٹی آئی کے تحت ریلوے بورڈ نے جانکاری دی ہے کہ 2025 میں ریلوے کی 1068.54 ہیکٹیئر زمین پر قبضہ تھا۔ اتنی زمین پر دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم نریندر مودی اسٹیڈیم جیسے 42 اسٹیڈیمز بن سکتے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر، سوشل میڈیا</p></div>
i

ہندوستانی ریلوے کی زمین پر تجاوزات، یعنی قبضہ کے معاملے مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ حق اطلاعات قانون (آر ٹی آئی) کے تحت ریلوے بورڈ نے یہ معلومات دی ہیں کہ مارچ 2025 میں ریلوے کی 1068.54 ہیکٹیئر زمین پر تجاوزات قائم تھیں۔ اس بارے میں ’انڈیا ٹوڈے‘ نے ایک رپورٹ شائع کی ہے۔ ریلوے بورڈ کی جانب سے ’انڈیا ٹوڈے‘ کو فراہم کی گئی معلومات کے مطابق جتنی زمین پر ریلوے کی تجاوزات ہیں، اتنی زمین پر دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم ’نریندر مودی اسٹیڈیم‘ جیسے 42 اسٹیڈیمز بن سکتے ہیں۔ فیفا کے معیار کے مطابق تقریباً 1396 فٹ بال اسٹیڈیم بھی اتنی زمین پر تعمیر کیے جا سکتے ہیں۔

دراصل ’انڈیا ٹوڈے‘ نے آر ٹی آئی کے تحت ریلوے کی زمین پر گزشتہ 25 برسوں کے تجاوزات کا ریکارڈ طلب کیا تھا۔ حالانکہ ریلوے بورڈ نے صرف گزشتہ 5 برسوں کا ریکارڈ فراہم کیا ہے۔ ریلوے بورڈ کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق، 21-2020 تک ریلوے کی 810.31 ہیکٹیئر زمین پر تجاوزات قائم تھیں۔ 25-2024 کے مارچ تک تجاوزات کا شکار ریلوے کی زمین کا رقبہ بڑھ کر 1068.54 ہیکٹیئر ہو گیا۔


اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 5 برسوں میں تجاوزات کی زد میں آنے والی زمین کے رقبے میں تقریباً 32 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ریلوے بورڈ کی جانب سے فراہم کیے گئے یہ اعداد و شمار 27 مارچ 2026 کو پارلیمنٹ میں حکومت کی جانب سے دی گئی معلومات سے بھی مطابقت رکھتے ہیں۔ حکومت نے پارلیمنٹ میں بتایا تھا کہ یکم اپریل 2025 تک ریلوے کے پاس 4.99 لاکھ ہیکٹیئر زمین تھی۔ اس میں سے تقریباً 1068 ہیکٹیئر زمین تجاوزات کرنے والوں کے قبضے میں ہے۔ اب ریلوے بورڈ کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار بھی یہی تصویر پیش کر رہے ہیں۔

ریلوے کی جانب سے تجاوزات سے متعلق جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 22-2021 واحد ایسا سال رہا جب تجاوزات کا رجحان منفی نظر آیا۔ مالی سال 22-2021 میں تجاوزات زدہ زمین کا رقبہ گھٹ کر 782.81 ہیکٹر رہ گیا تھا، لیکن اگلے ہی سال اس میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ 24-2023 میں تجاوزات کرنے والوں کے قبضے میں موجود رقبہ بڑھ کر 1078.55 ہیکٹیئر ہو گیا۔ 25-2024 میں معمولی کمی ضرور آئی، لیکن مجموعی رجحان اب بھی اضافے کا ہی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔