منان وانی کی ہلاکت، کشمیر میں ریل خدمات معطل

یہ وادی میں گذشتہ پانچ دنوں کے دوران تیسرا موقع ہے جب ریل خدمات کو سیکورٹی وجوہات کی بناء پر معطل کیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سرینگر: وادی کشمیر میں شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل خدمات جمعہ کو ایک بار پھر معطل کی گئیں۔ یہ خدمات ظاہری طور پر مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی طرف سے علی گڑھ مسلم یونیوسٹی کے سابق ریسرچ اسکالر سے ملی ٹینٹ بننے والے منان بشیر وانی کی ہلاکت کے خلاف دی گئی ’جموں وکشمیر‘ بند کی کال کے پیش نظر معطل کی گئی ہیں۔ یہ وادی میں گذشتہ پانچ دنوں کے دوران تیسرا موقع ہے جب ریل خدمات کو سیکورٹی وجوہات کی بناء پر معطل کیا گیا۔

اس سے قبل 8 اور 10 اکتوبر کو بلدیاتی انتخابات کے پہلے اور دوسرے مرحلے کی پولنگ کے موقع پر ریل خدمات کو معطل رکھا گیا تھا۔ محکمہ ریلوے کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ’ہم نے سیکورٹی وجوہات کی بناء پر آج (جمعہ کے روز) چلنے والی تمام ریل گاڑیاں معطل کردی ہیں‘۔

انہوں نے بتایا کہ سری نگر سے براستہ جنوبی کشمیر جموں خطہ کے بانہال تک کوئی ریل گاڑی نہیں چلے گی۔ اسی طرح سرینگر اور بارہمولہ کے درمیان بھی کوئی ریل گاڑی نہیں چلے گی۔ مذکورہ عہدیدار نے بتایا ’ہمیں گذشتہ شام ریاستی پولیس کی طرف سے ایک ایڈوائزری موصول ہوئی جس میں ریل خدمات کو احتیاطی طور پر معطل رکھنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔

ہم نے اس ایڈوائزری پر عمل درآمد کرتے ہوئے ریل خدمات کو دن بھر کے لئے معطل رکھنے کا فیصلہ لیا۔ پولیس کی طرف سے گرین سگنل ملنے پر ریل خدمات کو بحال کیا جائے گا‘۔ انہوں نے بتایا کہ ریل خدمات کی معطلی کا فیصلہ ریل گاڑیوں کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں اور ریلوے املاک کو نقصان سے بچانے کے لئے اٹھایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔