مزدوروں سے متعلق بلوں پر راہل کا مودی حکومت پر حملہ، پرینکا گاندھی کا طنز

پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ میں لکھا 'واہ ری (مودی) سرکار، آسان کر دیا اتیاچار‘ بی جے پی حکومت کی ترجیحات کو دیکھئے، بی جے پی حکومت اب ایسا قانون لائی ہے جس میں ملازمین کو نوکری سے نکالنا آسان ہوگیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: کانگریس جنرل سکریٹری و اترپردیش کی انچارج پرینکا گاندھی نے پارلیمنٹ سے پاس کیے گئے نوکری سے متعلق بلوں پر طنز کرتے ہوئے اسے نوکری پر سخت حملے سے تعبیر کیا ہے۔ پرینکا گاندھی نے جمعرات کو اپنے ٹوئٹ میں لکھا ’’اس مشکل وقت کا مطالبہ ہے کہ کسی کی نوکری نہ جائے۔ سب کا ذریعہ معاش محفوظ رہے۔ بی جے پی حکومت کی ترجیحات کو دیکھئے، بی جے پی حکومت اب ایسا قانون لائی ہے جس میں ملازمین کو نوکری سے نکالنا آسان ہوگیا ہے۔ انہوں نے لکھا 'واہ ری (مودی) سرکار، آسان کر دیا اتیاچار۔ قابل ذکر ہے کہ راجیہ سبھا نے مزدوروں کے فلاح اور ان کے حقوق کو مضبوط کرنے کے دعوے کے ساتھ تین بلوں کو منظوری دی ہے۔

مودی جی کا کسانوں کے بعد مزدوروں پر وار: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے جمعرات کے روز اپنے ٹوئٹ میں لکھا، ’’کسانون کے بعد مزدوروں پر وار۔ غریبوں کا استحصال، دوستوں پر مہربانی، یہی ہے بس مودی جی کی حکمرانی!‘‘ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کے ساتھ پارلیمنٹ میں لیبر اصلاحات سے متعلق تین بلوں کی منظوری کی خبر کو بھی شیئر کیا ہے۔ اس خبر کے مطابق اب حکومت سے اجازت لئے بغیر 300 ملازمین تک والی کمپنی کسی بھی ملازم کو نوکری سے نکال سکتی ہے۔


لیبر سے متعلق بلوں کو راجیہ سبھا سے بدھ کے روز بحث کے بعد صوتی ووٹوں سے منظور دی گئی۔ اس دوران آٹھ ارکان پارلیمنٹ کی معطلی کی مخالفت میں کانگریس سمیت حزب اختلاف کی بیشتر جماعتوں نے ایوان کا بائیکاٹ کیا ہوا تھا۔ ان بلوں کو لوک سبھا سے منگل کے روز ہی منظور کرا لیا گیا تھا۔ لیبر کے وزیر ستنوش گنگوار نے تینوں بلوں پر ایک ساتھ ہونے والی بحث میں کہا، ’’لیبر اصلاحات کا مقصد تبدیل شدہ کاروباری ماحول کے مطابق شفاف نظام تیار کرنا ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ 16 ریاستوں نے پہلے ہی زیادہ سے زیادہ 300 ملازمین والی کمپنیوں کو حکومت کی اجازت کے بغیر فرم کو بند کرنے اور ملازمین کی چھنٹنی کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔