کرناٹک انتخابی مہم کے دوران راہل گاندھی نندنی اسٹور پہنچے

راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ  آپ نے اڈانی کی پورے دل سے مدد کی، ہم کرناٹک کے لوگوں کی دل و جان سے مدد کریں گے۔

<div class="paragraphs"><p>بشکریہ سوشل میڈیا ٹویٹر گریب</p></div>

بشکریہ سوشل میڈیا ٹویٹر گریب

user

قومی آوازبیورو

راہل گاندھی نے کل یعنی 16 اپریل کو پہلی بار ریاست کا دورہ کیا۔ اپنے اس دورہ  کے دوران، امول بمقابلہ نندنی تنازعہ کے درمیان  وہ  بنگلورو میں ایک نندنی اسٹور پر پہنچے ۔ جس کے بعد انہوں نے ٹویٹ کیا، "کرناٹک کا فخر - نندنی بہترین ہے۔" کانگریس لیڈر نے اڈانی معاملے کے ذریعے پی ایم مودی کو بھی نشانہ بنایا۔

راہل گاندھی نے دہرایا کہ وہ مرکز میں بی جے پی کی  زیرقیادت حکومت سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ’ یہ (بی جے پی) سمجھتی ہے کہ انہیں  پارلیمنٹ سے ہٹا کر، دھمکیاں دے کر اور ڈرا کر خوفزدہ کر دے گی ۔ میں ان سے نہیں ڈرتا۔ مجھے نااہل کرو، مجھے جیل میں ڈالو،  مجھے ان چیزوں سے فرق نہیں پڑتا ۔


انہوں نے کہا کہ ’وزیر اعظم اگر آپ اڈانی کو ہزاروں کروڑ روپے دے سکتے ہیں تو ہم غریبوں، خواتین اور نوجوانوں کو بھی دے سکتے ہیں۔ آپ نے اڈانی کی پورے دل سے مدد کی، ہم کرناٹک کے لوگوں کی دل و جان سے مدد کریں گے۔ ہم نے کرناٹک کے عوام سے 4 وعدے کیے ہیں‘۔

راہل گاندھی نے 4 وعدوں کی تفصیل بتاتے ہوئے  کہا کہ پہلا یہ کہ ہر گھر کے کنبہ کو 200 یونٹ مفت بجلی دی جائے گی۔ دوسرا وعدہ یہ ہے کہ ہر خاتون کو ماہانہ 2000 روپے دیے جائیں گے۔ تیسرا وعدہ یہ ہے کہ ہر خاندان کو ماہانہ 10 کلو چاول مفت دیا جائے گا۔ چوتھی اسکیم یہ ہے کہ کرناٹک کے ہر گریجویٹ کو 3000 روپے اور ڈپلومہ ہولڈر کو 2 سال تک ہر ماہ 1500 روپے دیے جائیں گے۔


سابق رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ کرناٹک میں بی جے پی حکومت نے کیا کام کیا؟ اس نے 40فیصد کمیشن کھایا۔ کام کروانے کے لیے بی جے پی حکومت نے کرناٹک کے لوگوں سے پیسہ چرایا۔ اس نے جو بھی کیا چالیس فیصد کمیشن لیا۔ یہ میں نہیں کہہ رہا، کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم کو خط لکھ کر یہ کہا ہے۔ وزیراعظم نے اس خط کا کوئی جواب نہیں دیا۔ خط کا جواب نہ دینے کا مطلب ہے کہ وزیر اعظم نے قبول کیا ہے کہ کرناٹک میں 40 فیصد کمیشن لیا جاتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔