گجرات : 12 مارچ کو سی ڈبلیو سی میٹنگ میں پہلی بار راہل، سونیا اور پرینکا نظر آئیں گے ساتھ

میڈیا ذرائع کے مطابق گجرات میں پاٹیدار ریزرویشن تحریک کمیٹی کے صدر ہاردک پٹیل 12 مارچ کو ہی کانگریس میں باضابطہ طور پر شامل ہوں گے۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو
user

یو این آئی

احمد آباد: کانگریس کی قومی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ 12 مارچ کو یہاں ہوگی جس کے بعد راجدھانی گاندھی نگر کے نزدیک اڈالج کے تری مندر میں منعقدہ ایک ریلی میں پارٹی کے قومی صدر راہل گاندھی، ان کی والدہ سونیا گاندھی اور بہن پرینکا گاندھی واڈرا پہلی بار ایک ہی عوامی اسٹیج پر نظر آئیں گے۔ گجرات میں پاٹیدار ریزرویشن تحریک کمیٹی کے صدر ہاردک پٹیل 12 مارچ کو ہی کانگریس میں باضابطہ طریقہ سے شامل ہوں گے۔ ورکنگ کمیٹی اور ریلی پہلے 28فروری کو ہونے والی تھیں لیکن سرحد پر کشیدگی کے پیش نظر اسے ایک دن پہلے ہی ملتوی کردیا گیا تھا۔

گجرات اسمبلی میں پارٹی کے نائب لیڈر شیلیش پرمار اور پارٹی کے ریاستی ترجمان منیش دوشی نے آج یو این آئی کو بتایا کہ پارٹی کے 60چوٹی کے لیڈر یہاں شاہی باغ کے سردار میموریل میں ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں شریک ہوں گے۔ اس سے پہلے راہل گاندھی، سونیا گاندھی اور پرینکا واڈرا سمیت دیگر لیڈر سابرمتی کے گاندھی آشرم میں دعائیہ تقریب میں 12 مارچ کی صبح شرکت کریں گے۔ یہ لیڈر نزدیکی شہید میموریل پر ملک کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں کانگریس کی حکمرانی والی ریاستوں کے وزرائے اعلی بھی شریک ہوں گے۔ اس میں شامل ہونے والے دیگر اہم لیڈروں میں سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ، سابق وزیر آنند شرما، اے کے انٹنی، غلام نبی آزادکے علاوہ ملک ارجن کھڑگے ، ہریش راوت بھی شامل ہوں گے۔

دوشی نے بتایا کہ اڈالج میں ہونے والی ریلی جس کا نام پہلے جن سنکلپ ریلی تھا اب اس کا نام بدل کر اسے ’جے جوان جے کسان جن سنکلپ ریلی‘ کردیا گیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب گاندھی کنبہ کے مذکورہ تینوں رکن ایک ساتھ عوامی اسٹیج پر موجود ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ دوسری مرتبہ ہے جب گجرات میں پارٹی کی قومی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ ہورہی ہے اس سے پہلے ایسا 1961میں ہوا تھا۔ میٹنگ میں لوک سبھا انتخابات سے منسلک امور سمیت کئی معاملات پر بات چیت ہوگی۔ چونکہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں گجرات میں کانگریس کی کارکردگی بہت اچھی تھی اور اس سے پورے ملک میں یہ پیغام گیا کہ بی جے پی غیرمفتوح نہیں ہے اور اس برس گاندھی جی کی 150ویں جینتی بھی ہے اس لئے لوک سبھا انتخابات سے پہلے اس مغربی ریاست میں ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ ہورہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 Mar 2019, 11:09 PM