راہل سہسرام پہنچے، جلسے میں ’ووٹ چور-گدّی چھوڑ‘ کے نعروں کی گونج
راہل گاندھی کی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ میں لالو پرساد یادو، رابڑی دیوی، تیجسوی یادو سمیت کئی اپوزیشن رہنما شامل ہو رہے ہیں۔ یہ یاترا 16 دنوں تک چلے گی اور 1300 کلومیٹر کا پیدل سفر مکمل کیا جائے گا۔

بہار اسمبلی انتخاب سے پہلے کانگریس رہنما راہل گاندھی اور آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو آج سہسرام سے ’ووٹ ادھیکار یاترا‘‘ شروع کر رہے ہیں۔ اس موقع پر بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد اور رابڑی دیوی سمیت کئی اپوزیشن رہنما شامل رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق راہل گاندھی آج صبح طیارے سے گیاجی ہوائی اڈے پہنچے، وہاں سے ہیلی کاپٹر سے سہسرام کے لیے روانہ ہوئے۔ ان کا ہیلی کاپٹر سہسرام کے ایس پی جین کالج میں لینڈ ہوا۔ یہاں پہنچنے پر راہل گاندھی کا مقامی لوگوں نے زوردار استقبال کیا۔ اس موقع پر کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے سمیت پارٹی کے کئی دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ یاترا کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کرنے والے ہیں۔ انتخاب سے قبل الیکشن کمیشن کے ذریعہ کرائے جا رہے ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی (ایس آئی آر) میں مبینہ بے ضابطیگوں کا معاملہ اٹھا کر عظیم اتحاد کے رہنما عوام کے درمیان جائیں گے۔
اس دوران سہسرام کے سُورا ہوائی اڈہ میدان میں ایک عام جلسے کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر وہاں لوگوں کی کافی بھیڑ جمع ہو گئی۔ تھوڑی دیر بعد راہل گاندھی کا ہیلی کاپٹر سہسرام پہنچ گیا۔ ایس پی جین کالج میں ہیلی پیڈ بنایا گیا ہے۔ عظیم اتحاد کے پروگرام میں بہار کے الگ الگ ضلعوں سے لوگ پہنچے ہیں۔ جلسے میں ’’ووٹ چور-گدّی چھوڑ‘‘ کے نعرے لگائے جا رہے ہیں۔
راہل گاندھی کی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ پر آر جے ڈی رہنماؤں نے مرکزی حکومت پر سخت رخ اپنایا ہے۔ لالو پرساد نے دہرایا کہ آئین مٹنے نہیں دیں گے، عوام بیدار ہیں اور انصاف کی امید ہے۔ وہیں تیجسوی نے کہا کہ بی جے آئینی اداروں کا غلط استعمال کر رہی ہے اور کا حق چھیننا چاہتی ہے۔ اس لیے یہ لڑائی ضروری ہے۔
پورنیہ سے رکن پارلیمنٹ پپو یادو بھی یاترا میں شامل ہونے کے لیے سہسرام پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ راہل گاندھی ہندوستان کے عوام کی آواز بننے کے لیے 10,0000 کلومیٹر پیدل چلے ہیں، وہ نوجوانوں کی بات کرتے ہیں۔ راہل آئین کی دفاع کے لیے نکلے ہیں، وہ سیاسی فائدہ نقصان کے لیے نہیں نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی نفرت مٹانے، الیکشن کمیشن کی لوٹ روکنے، کسانوں کی فلاح اور نوجوانوں کے روزگار کے لیے نکلے ہیں۔
واضح رہے کہ بہار میں ایس آئی آر کو لے کر 16 دنوں تک چلنے والی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کی شروعات سہسرام کے سُورا ہوائی اڈے پر ایک جلسہ سے ہوگی۔ اس کے بعد یہ یاترا اورنگ آباد پہنچے گی۔ اورنگ آباد کے کٹمبوا میں عظیم اتھاد کے رہنما رات میں آرام کریں گے۔ یاترا 17 اگست کو سہسرام، روہتاس، 18 اگست کو دیو روڈ، امبا کڈمبا؛ 19 اگست کو ہنومان مندر، پوناما، وزیر گنج؛ 21 اگست کو تین موہانی درگا مندر، شیخ پورہ؛ 22 اگست کو چندر باغ چوک، مونگیر؛ 23 اگست کو کرسیلا چویک، براری، کٹیہار؛ 24 اگست کو خشکی باغ، کٹیہار سے پورنیہ؛ 26 اگست کو حسین چوک، سوپول؛ 27 اگست کو گنگوارا مہاویر استھان، دربھنگہ؛ 28 اگست کو ریگا روڈ، سیتامڑھی؛ 29 اگست کو ہری واٹیکا گاندھی چوک، بتیا؛ 30 اگست کو ایکما چوک، ایکما اسمبلی حلقہ، چھپرہ میں پہنچے گی۔ یکم ستمبر کو پٹنہ میں عظیم ریلی کے ساتھ اس کا اختتام ہوگا۔ 20، 25 اور 31 اگست کو یاترا کو آرام دیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔