’کالا جادو جیسی باتیں کر کے ملک کو بھٹکانا بند کیجئے‘ پی ایم مودی پر راہل-پرینکا کا جوابی حملہ

پانچ اگست کو کانگریس لیڈران نے سیاہ لباس پہن کر نریندر مودی کے خلاف مہنگائی پر حملہ بولا تھا، وزیر اعظم مودی نے اس پر طنز کیا، جس پر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے جوابی حملہ بولا ہے

راہل، پرینکا / آئی اے این ایس
راہل، پرینکا / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: انڈین نیشنل کانگریس کی جانب سے 5 اگست کو مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف سیاہ لباس میں ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔ اس پر وزیر اعظم نریندر مودی کے تبصرہ کے بعد راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے جوابی حملہ بولا ہے۔ کانگریس لیڈران نے وزیر اعظم سے کہا کہ وہ ادھر ادھر کی باتیں کر کے ملک کو بھٹکانا بند کریں اور اپنے عہدے کو وقار کو نہ گرائیں۔

راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’وزیر اعظم کو مہنگائی نظر نہیں آتی؟ بے روزگاری نظر نہیں آتی؟ اپنے کالے کارناموں کو چھپانے کے لئے ’کالا جادو‘ جیجسی توہم پرستی کی باتیں کر کے وزیر اعظم کے عہدے کا وقار گرانا اور ملک کو بھٹکانا بند کیجئے، پردھان منتری جی۔ عوام کے مسائل کا جواب تو دینا ہی پڑے گا۔‘‘


قبل ازیں پرینکا گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’آپ ادھر اُدھر کی بات نہ کریں، یہ بتائیں کہ مہنگائی بڑھا کر کیوں لوٹا۔ عام کو کالے کپڑوں سے گلا نہیں، آپ کی رہبری پر سوال ہے۔‘‘

دریں اثنا، کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے بھی کالے کپڑوں میں وزیر اعظم مودی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے شدید حملہ بولا۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا، "وہ کالا دھن لانے کے لیے تو کچھ نہیں کر سکے، اب کالے کپڑوں کے حوال سے بے معنی بات کر رہے ہیں۔ ملک چاہتا ہے کہ وزیر اعظم ان کے مسائل پر بات کریں لیکن ’جملا جیوی‘ کچھ بھی بولتے رہتے ہیں۔‘‘


خیال رہے کہ وزیر اعظم مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پانی پت میں رفائنری کے انڈین آئل 2جی ایتھنال پلانٹ کا افتتاح کیا، اسی دوران انہوں نے کانگریس لیڈران کے سیاہ کپڑے پہن کر احتجاج کرنے پر طنز کیا تھا۔

وزیر اعظم مودی نے کہا ’’یہ لوگ سوچتے ہیں کہ کالے کپڑے پہننے سے مایوسی کا دور ختم ہو جائے ھگا۔ وہ کچھ بھی کر لیں عوام کا اعتماد حاصل نہیں کر پائیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 Aug 2022, 10:15 AM