کسانوں کے نام راہل گاندھی کا پیغام ’جو جیت آپ نے حاصل کی ہے، اس کی مثال آزاد ہندوستان کی تاریخ میں نہیں‘

راہل گاندھی نے کسانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے ’’میرے پیارے اَن داتاؤں، آپ کے صبر، جدوجہد اور قربانی کے دَم پر ملی تاریخی جیت کی بہت بہت مبارکباد۔‘‘

راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

میرے پیارے اَن داتاؤں،

آپ کے صبر، جدوجہد اور قربانی کے دَم پر ملی تاریخی جیت کی بہت بہت مبارکباد۔ پونے بارہ مہینے سے ٹھٹھرتی ٹھنڈ، شدت والی گرمی، برسات، تمام پریشانیوں اور مظالم کے باوجود تینوں زراعت مخالف قوانین کو ختم کرانے کا جو ستیاگرہ آپ نے جیتا ہے، اس کی دوسری مثال آزاد ہندوستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ میں آپ کی اس جدوجہد میں 700 سے زائد کسان-مزدور بھائی-بہنوں کے ذریعہ دی گئی قربانی کے لیے سر بہ سجود ہوں۔

ایک تاناشاہ حاکم کے تکبر سے لڑتے ہوئے جس گاندھی وادی طریقے سے آپ نے انھیں فیصلہ واپس لینے کو مجبور کیا، یہ جھوٹ پر سچ کی جیت کی ایک بہترین مثال ہے۔ آج کے اس تاریخی دن ہم ان شہید کسان-مزدور بھائی-بہنوں کو یاد کرتے ہیں، جنھوں نے اپنی جان کی قربانی دے کر اس ستیاگرہ کو مضبوط کیا۔ کاش، یہ نوبت ہی نہ آتی اگر مرکزی حکومت نے شروع ہی میں کسانوں کے مطالبات پر دھیان دیا ہوتا۔


ساتھیو، جدوجہد کا ابھی خاتمہ نہیں ہوا ہے۔ زرعی پیداوار کا فائدہ ایم ایس پی کی شکل میں ملے، متنازعہ بجلی ترمیم قانون ختم ہو، کھیتی کی جوت میں استعمال ہونے والی ہر چیز پر لگائے گئے ٹیکس کا بوجھ گھٹے، ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کم ہو اور کھیت-مزدور پر کمر توڑ قرض کے بوجھ کا حل نکالنا زرعی کسانوں کے جدوجہد کا فکر انگیز موضوع ہے۔ میں آپ سب کو بھروسہ دلاتا ہوں کہ موجودہ تحریک کی ہی طرح مستقبل میں بھی آپ کے سبھی جائز جدوجہد میں میں اور کانگریس پارٹی کا ایک ایک کارکن آپ کے کندھے سے کندھا ملا کر آپ کی آواز کو بلند کریں گے۔

میں وزیر اعظم سے مطالبہ کرتا ہوں کہ کسان اپنا فائدہ اور نقصان سب سے بہتر سمجھتا ہے۔ چند سرمایہ داروں کے ہاتھ میں کھیل کر کسان کو اپنے ہی کھیت کھلیان میں غلام بنانے کی سازش کر وہ اسے درست ثابت کرنے کی دوبارہ ہمت نہ کریں۔

بلکہ وزیر اعظم کو اپنے وعدے کے مطابق سال 2022 تک کسان کی دوگنی آمدنی یقینی کرنی چاہیے۔ اس کے لیے انھیں جلدی سے جلدی مستقبل کے منصوبوں کا روڈ میپ بھی جاری کرنا چاہیے۔ وزیر اعظم جی، مت بھولیں کہ اقتدار خدمت کا ذریعہ ہے، لوٹ-کھسوٹ، ضد اور تکبر کا کسی جمہوری نظامِ حکومت میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

ایک بار پھر میں اپنے کسان-مزدور بھائی-بہنوں کو اس تاریخی جیت پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔

آپ کا ہی،

راہل گاندھی

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔