راجستھان: راہل گاندھی کی کسان ریلی 9 جنوری کو، کسان پرجوش

کانگریس لیڈر سچن پائلٹ کا کہنا ہے کہ ریاست میں نئی حکومت بننے کے بعد راہل گاندھی کا راجستھان کا یہ پہلا دورہ ہوگا اور اس سے کسانوں کے ساتھ ساتھ پارٹی کارکنان میں بھی کافی جوش و خروش ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

جے پور: راجستھان کے نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ نے کہا ہے کہ 9 جنوری کو ہونے والی کانگریس صدر راہل گاندھی کی کسان ریلی سے متعلق تیاریاں تقریباً مکمل کر لی گئی ہیں اور اس سلسلے میں کسانوں میں کافی جوش و خروش ہے۔ سچن پائلٹ نے آج یہاں سابق ریاستی کانگریس صدر شوبھارانی کے یوم پیدائش پر منعقدہ پشپانجلی پروگرام میں حصہ لینے کے بعد میڈیا سے کہا کہ بدھ کو جے پور میں ایک بڑی کسان کانفرنس ہوگی جسےراہل گاندھی صبح گیارہ بجے خطاب کریں گے، اس کانفرنس سے ریاست میں نئی توانائی پیدا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ریلی کی تیاریاں تقریباً مکمل کر لی گئی ہیں اور اس میں ریاست کے مختلف حصوں کے لوگ شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس ریلی کوراہل گاندھی کی یادگار بنائے جانے کے لئے کوشش کی جا رہی ہیں۔

سچن پائلٹ نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت بننے کے بعد راہل گاندھی کا راجستھان کا یہ پہلا دورہ ہوگا اور اس دورے کے سلسلے میں کسانوں اور پارٹی کارکنوں میں کافی جوش و خروش ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر بھی یہ کانفرنس اہم ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پچھلی بی جے پی حکومت کی طرح کانگریس حکومت سرکاری فنڈز کا غلط استعمال نہیں کرے گی۔ بی جے پی حکومت نے گورو یاترا نکال کر عوام کے پیسے کا غلط استعمال کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس نے جرات مندانہ قدم اٹھایا اور کسانوں کے قرض معاف کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت ہوتی تو ایسا نہیں ہو پاتا۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ریاست میں گزشتہ پانچ برسوں میں بی جے پی کی حکومت میں کوئی کام نہیں ہوا۔ صرف انتخابات کے دو دن پہلے بجلی کے سلسلے میں اعلان کیا گیا اور اب وہ کام ہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے صرف دباؤ اور ووٹ لینے کے لئے یہ سب کیا تھا۔

سچن پائلٹ نے کہا کہ ریاست میں کانگریس حکومت نے پہلی كابینی میٹنگ میں کئی اہم فیصلے لئے گئے ہیں ۔ نوجوانوں اور کسانوں سمیت سبھی طبقے کے مفاد میں کام کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔