گوا میں بی جے پی حکومت کی 15 سالہ بدانتظامی اور لوٹ مار کے خلاف راہل گاندھی کی ’گوئے رکھون یاترا‘ کل
گوا کی شناخت، وقار اور مستقبل کے تحفظ کے لیے راہل گاندھی 18 اکتوبر کو ’گوئے رکھون یاترا‘ میں شرکت کریں گے۔ انھوں نے عوام سے بھی اس تحریک میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے گوا کی بی جے پی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس پر 15 سال تک بدانتظامی اور لوٹ مار کرنے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوا میں بی جے پی کے 15 سالہ دور حکومت میں زمین، پیسہ، روزگار اور یہاں تک کہ اراکین اسمبلی کی بھی چوری کی گئی، لیکن سب سے بڑھ کر ’ووٹ چوری‘ کا معاملہ ہے۔ راہل گاندھی نے گوا کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ریاست کو فروخت ہونے سے بچانے اور اس کی شناخت، وقار اور مستقبل کے تحفظ کے لیے متحد ہوں۔
راہل گاندھی نے یہ باتیں اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر جاری ایک بیان میں کہیں۔ انہوں نے گوا میں بی جے پی کے اقتدار کے ریکارڈ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ریاست نے 15 سال تک بدانتظامی اور لوٹ مار کا سامنا کیا ہے۔ ان کے بیان میں زمین کی چوری، پیسے کی چوری، روزگار کی چوری، اراکین اسمبلی کی چوری اور ووٹ چوری جیسے الزامات نمایاں رہے۔ راہل گاندھی نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا ہے کہ ’’گوا میں بی جے پی کا ریکارڈ: 15 سال کی بدانتظامی اور لوٹ مار۔ 15 سال کی چوری۔ زمین کی چوری، پیسے کی چوری، روزگار کی چوری، اراکین اسمبلی کی چوری اور سب سے بڑھ کر ووٹ چوری۔‘‘
ان الزامات کے ذریعہ راہل گاندھی نے ریاست میں بی جے پی کے طرز حکمرانی پر سوال اٹھاتے ہوئے عوام سے اس کے خلاف آواز بلند کرنے کی اپیل کی۔ ان کا پیغام واضح تھا کہ گوا کی زمین، اس کے وسائل، عوام کے روزگار اور جمہوری حقوق پر کسی بھی طرح کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ راہل گاندھی نے اپنے بیان میں گوا کی عوام سے متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سب مل کر بی جے پی کو یہ پیغام دیں کہ گوا فروخت کے لیے نہیں ہے، بلکہ گوا اس کی عوام کا ہے۔
ان کے اس بیان میں ریاست کی زمین، وسائل اور سیاسی مستقبل پر عوام کے حق کو مرکزی اہمیت دی گئی ہے۔ راہل گاندھی نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ اس کے دور حکومت میں ریاست کے مفادات اور عوام کے حقوق کو نقصان پہنچا ہے۔ اس سوشل میڈیا پوسٹ میں راہل گاندھی نے اعلان کیا کہ وہ 18 اکتوبر کو گوا میں منعقد ہونے والی ’گوئے رکھون یاترا‘ (گوا بچاؤ یاترا) میں عوام کے ساتھ پیدل چلیں گے۔ اس یاترا کا مقصد گوا کی شناخت، وقار اور مستقبل کا دفاع کرنا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اس تحریک میں شامل ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اتوار، 18 اکتوبر کو دوپہر 3.30 بجے کالکونڈا پہنچیں اور یاترا میں شرکت کریں۔
راہل گاندھی کی اس اپیل کو گوا میں بی جے پی حکومت کے خلاف عوامی تحریک کو مضبوط کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام کے ذریعہ ریاست کے لوگوں کو یہ باور کرانے کی کوشش کی ہے کہ گوا کے مستقبل کا فیصلہ اس کی عوام کو کرنا چاہیے، نہ کہ ان کے مفادات کو نظر انداز کرنے والی حکومت کو۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
