راہل گاندھی کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ مہو سے روانہ ہوئی، آج اندور پہنچے گی

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا آج صبح ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی جائے پیدائش اندور ضلع کے مہو سے روانہ ہوئی اور شام تک اندور شہر میں داخل ہو جائے گی

بھارت جوڑو یاترا
بھارت جوڑو یاترا
user

قومی آوازبیورو

اندور: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا آج صبح ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی جائے پیدائش اندور ضلع کے مہو سے روانہ ہوئی اور شام تک اندور شہر میں داخل ہو جائے گی۔

راہل گاندھی کی مدھیہ پردیش کی یاترا کا یہ پانچواں دن ہے۔ ان کی یاترا کل شام ہی کھرگون ضلع سے اندور ضلع میں داخل ہوئی ہے۔ رات کا قیام مہو میں تھا۔ مہو میں ہی وہ یوم آئین پر دیر شام ڈاکٹر امبیڈکر کی جائے پیدائش پہنچے اور ان کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت نذر کئے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس دوران منعقدہ جلسہ عام میں انہوں نے بی جے پی، راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اور وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کی۔

رات کے آرام کے بعد، بھارت جوڑو یاترا صبح مہو سے اندور کے لیے روانہ ہوئی۔ یہ صبح راؤ کے علاقے میں داخل ہوگی۔ اس کے بعد یہ دوپہر میں دوبارہ اندور شہر کی طرف بڑھے گی اور شام کو اندور پہنچے گی۔ مسٹر گاندھی اندور میں اجلاس سے خطاب بھی کر سکتے ہیں۔


ریاستی کانگریس صدر کمل ناتھ، یاترا جت کوآرڈینیٹر ڈگ وجے سنگھ، سینئر لیڈر جے رام رمیش، کئی مرکزی عہدیدار، ریاستی سطح کے سینئر لیڈر اور ہزاروں کارکنان یاترا میں ساتھ ہیں۔ اس یاترا میں سابق مرکزی وزیر ارون یادو کے علاوہ سابق وزیر جیتو پٹواری بھی شامل ہیں۔

یہ یاترا 23 نومبر کو مہاراشٹر کی سرحد سے مدھیہ پردیش کے برہان پور ضلع میں داخل ہوئی تھی۔ کھنڈوا، کھرگون ضلع سے گزرتی ہوئی یاترا اندور ضلع کی سرحد پر آ گئی ہے۔ اب یہ اجین اور اگرمالوا اضلاع سے ہوتے ہوئے 4 دسمبر کو راجستھان کی سرحد پر پہنچے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔