راہل گاندھی نے مرکزی وزیر ریل کو لکھا خط، راجدھانی ایکسپریس کے لیے رائے بریلی جنکشن پر اسٹاپیج دینے کا مطالبہ
راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ راجدھانی ٹرین کا اسٹاپیج ان کے پارلیمانی حلقہ رائے بریلی کے شہریوں کی دیرینہ خواہش ہے۔ عوام سفر میں آسانی و سہولت چاہتے ہیں اور ان کی یہ خواہش پوری ہونی چاہیے۔

نئی دہلی: لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے مرکزی وزیر برائے ریل اشونی ویشنو کو ایک خط لکھا ہے، جس میں ڈبروگڑھ-نئی دہلی راجدھانی ایکسپریس ٹرین کے لیے رائے بریلی جنکشن پر باقاعدہ اسٹاپ فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ اس خط میں انھوں نے نشاندہی کی ہے کہ مذکورہ ٹرین رائے بریلی کے راستے سے گزرتی ہے، تاہم طویل عرصہ سے رائے بریلی کی عوام کے مطالبہ کو دیکھتے ہوئے ٹرین کو رائے بریلی جنکشن پر روکنے کا باضابطہ انتظام کیا جائے۔ اس سے رائے بریلی کی عوام کے لیے دہلی اور دیگر شہروں کا سفر آسان ہو سکے گا۔
راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ راجدھانی ٹرین کا اسٹاپیج ان کے پارلیمانی حلقہ رائے بریلی کے شہریوں کی دیرینہ خواہش ہے۔ عوام سفر میں آسانی اور سہولت چاہتے ہیں، اس لیے خاص طور سے راہل گاندھی نے ٹرین نمبر 20503/20504 اور 20505/20506 کے لیے رائے بریلی جنکشن پر اسٹاپ فراہم کرنے پر غور سے متعلق درخواست وزیر ریل کے سامنے پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مطالبہ طویل عرصے سے زیر التواء ہے، اور اگر اسے تسلیم کر لیا جائے تو رائے بریلی کی عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی نے 2024 کے لوک سبھا انتخاب میں رائے بریلی سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے کیرالہ کی وائناڈ سیٹ سے بھی انتخاب لڑا تھا اور وہاں سے بھی انھیں جیت ملی تھی۔ تاہم بعد میں انہوں نے وائناڈ کی نشست چھوڑ کر رائے بریلی کی نمائندگی کرنے کا فیصلہ کیا۔ رائے بریلی کی سیٹ دہائیوں سے کانگریس کا مضبوط قلعہ رہی ہے۔ یہ نشست سونیا گاندھی کی نمائندگی میں کئی بار کانگریس کے پاس رہی۔ 2024 میں سونیا گاندھی نے اس نشست کو خالی کر دیا اور اب وہ راجیہ سبھا کی رکن ہیں، جہاں وہ راجستھان کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ ان کی غیر موجودگی میں راہل گاندھی نے رائے بریلی سیٹ سے انتخاب لڑا اور اب وہاں کی عوام کے مسائل دور کرنے میں مصروف ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔