2 روزہ دورے پر رائے بریلی پہنچنے والے ہیں راہل گاندھی، ’جنتا درشن‘ اور ملاقاتوں کے ساتھ  تیز ہوگا ’یوپی مشن 2027‘

اتر پردیش میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات 2027 کے پیش نظر راہل گاندھی کے رائے بریلی اور امیٹھی دورے کو کافی اہم مانا جا رہا ہے۔ اس دورے کے پیش نظر پارٹی کارکنان میں کافی جوش پایا جا رہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی، ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی منگل (19 مئی) کو رائے بریلی پہنچ رہے ہیں۔ ریاست میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات 2027 کے پیش نظر راہل کے اس دورے کو کافی اہم مانا جا رہا ہے۔ کانگریس کے ضلع صدر پنکج تیواری کے مطابق راہل گاندھی اپنے دورے کے پہلے دن بچھراواں کے ٹھاکورین کھیڑا میں ایک بارات گھر کا افتتاح کریں گے اور اس کے بعد کھیروں میں جلسہ عام میں حصہ لیں گے۔ اس کے علاوہ وہ لال گنج میں خواتین کے ساتھ براہ راست بات چیت (مہیلا سمواد) پروگرام میں بھی شامل ہوں گے۔

مقامی کانگریس ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پارٹی کے سینئر لیڈر راہل گاندھی 19 مئی کو سڑک کے راستے بچھراواں ڈیولپمنٹ بلاک کے مہیری ٹھاکورین کھیڑا پہنچیں گے۔ وہاں پر ایم پی فنڈز سے بنائے گئے بارات گھر کا افتتاح کریں گے۔ اس کے بعد وہ کھیروں میں منعقد جلسۂ عام سے خطاب کریں گے۔ وہاں سے وہ لال گنج جائیں گے، جہاں ان کا خواتین سے ملاقات اور بات چیت کرنے کا پروگرام ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی اپنے 2 روزہ دورے کے آخری روز 20 مئی کو بھوئے مئو گیسٹ ہاؤس میں ’’جنتا درشن‘‘ کے ذریعے عوام سے ملاقات کریں گے، جس کے بعد وہ لودھ واری میں ویرا پاسی کے مجسمے کی نقاب کشائی اور جلسۂ عام کو خطاب کریں گے۔


ذرائع کے مطابق رائے بریلی کے پروگراموں کے بعد راہل گاندھی امیٹھی کے لئے روانہ ہوں گے۔ ضلع صدر پردیپ سنگھل کے مطابق راہل گاندھی امیٹھی میں ضلع ہیڈ کوارٹر پر پارٹی عہدیداران، کارکنان اور سینئر لیڈروں کے ساتھ میٹنگیں کریں گے۔ سیایسی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ یہ میٹنگ تنظیم کے جائزہ کے ساتھ ساتھ 2027 کے اترپردیش اسمبلی انتخابات سے متعلق حکمت عملی کی تیاریوں کا حصہ ہے۔ اس میٹنگ میں بوتھ لیول تک تنظیم کو مضبوط کرنے اور نوجوانوں اور خواتین کی شراکت داری بڑھانے پر بات کی جائے گی۔

اپنے اس دورے کے دوران کانگریس لیڈر پورے رام دین پنڈت گاؤں بھی جائیں گے۔ یہ گاؤں پارٹی کے آنجہانی ضلع صدر یوگیندر مشرا کا آبائی گاؤں ہے جن کا یکم مارچ کو طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا تھا۔ گاندھی خاندان کے قریبی رہے مشرا کے اہل خانہ سے راہل گاندھی ملاقات کریں گے۔ اس دورے کو لے کر کانگریس کا گڑھ مانے جانے والے دونوں اضلاع میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں اور امیٹھی کے رکن پارلیمنٹ کشوری لال شرما بھی تیاریوں کا لگاتار جائزہ لے رہے ہیں۔