راجیو گاندھی کے یومِ پیدائش پر راہل گاندھی کا عزم، ’پاپا کے خواب کو پورا کرنا میری زندگی کا مقصد‘

راہل گاندھی نے اپنے والد سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے یومِ پیدائش پر عزم ظاہر کیا کہ وہ ہر شہری کے احترام، محبت اور مضبوط جمہوریت کے خواب کو حقیقت بنائیں گے

سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی / Getty Images
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے اپنے والد اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے یومِ پیدائش پر ایک جذباتی پوسٹ کے ذریعے عوام کے سامنے اپنے وژن کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا، ’’ایک ایسا ہندوستان جہاں ہر شہری کو احترام حاصل ہو، جہاں ہمدردی اور بھائی چارے کا ماحول ہو، اور جہاں جمہوریت اور آئین کے ذریعے ملک مضبوطی سے کھڑا ہو۔ پاپا، آپ کے دیکھے اس خواب کو پورا کرنا ہی میرا زندگی کا مقصد ہے۔‘‘

راہل گاندھی کے اس بیان میں ملک میں جمہوریت کی مضبوطی، شہریوں کے حقوق اور سماجی ہم آہنگی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے والد کے وژن کو عملی طور پر نافذ کرنے کے لیے پوری طرح سرگرم رہیں گے۔

پرینکا گاندھی نے بھی اپنے سوشل میڈیا پیغام میں والد راجیو گاندھی کی وراثت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں والد سے ہمدردی، محبت اور حب الوطنی کا درس ملا اور یہ کہ وہ دونوں (راہل-پرینکا) ہمیشہ اس دھرم کو نبھائیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کوئی بھی ان کے راستے کو نہیں روک سکتا اور نہ ہی ان کے عزم کو جھکنے دیا جا سکتا ہے۔


کانگریس پارٹی کی جانب سے بھی سابق وزیراعظم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ پارلیمنٹ کے کمپلیکس میں پارٹی کی چیئر پرسن سونیا گاندھی، قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور کانگریس صدر کھڑگے نے بھی انہیں یاد کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، پارٹی کی جنرل سیکرٹری پرینکا گاندھی سمیت دیگر لیڈران نے ویر بھومی پر سابق وزیراعظم کی یاد میں حاضری دی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ کانگریس کے بیان میں راجیو گاندھی کی بصیرت اور قیادت کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا، جس نے ہندوستان میں آئی ٹی انقلاب کی بنیاد رکھی، نوجوانوں کو بااختیار بنایا اور پنچایتی راج کے ذریعے جڑوں تک جمہوریت کو مضبوط کیا۔

پارٹی کے مطابق راجیو گاندھی کی یہ میراث آج بھی ہندوستان کی ترقی کی راہ میں رہنمائی اور تحریک کا ذریعہ ہے۔ راہل اور پرینکا گاندھی کی جانب سے دی گئی یہ پوسٹس اور تقریبات اس بات کا مظہر ہیں کہ پارٹی اپنے سابق رہنما کی قدروں اور وژن کو عملی طور پر آگے بڑھانے میں پرعزم ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔