رائے بریلی پہنچے راہل گاندھی، ماب لنچنگ میں ہلاک ہری اوم والمیکی کے اہل خانہ سے ملاقات

راہل گاندھی رائے بریلی کے فتح پور پہنچے اور ہری اوم والمیٖکی کے اہل خانہ سے ملاقات کی، انتظامیہ نے ابتدائی طور پر انہیں راستہ میں ہی روک لیا تھا، تاہم بعد میں ملاقات کی اجازت دے دی

<div class="paragraphs"><p>مرحوم ہری اوم والمیکی کے اہل خانہ سے ملاقات کرتے راہل گاندھی / تصویر آئی این سی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

کانگریس کے رہنما اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی جمعہ کے روز رائے بریلی کے فتح پور پہنچے اور یہاں ماب لنچنگ میں جان گنوانے والے ہری اوم والمیٖکی کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ ہری اوم والمیکی کو رائے بریلی ماب لنچنگ کے دوران 2 اکتوبر کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ ملاقات کے بعد راہل گاندھی نے میڈیا سے کہا کہ میں اہل خانہ سے ملاقات کروں یا نہ کروں لیکن انصاف تو ملنا چاہئے۔ راہل کا کہنا تھا کہ حکومت کے لوگوں نے دھمکی دے کر ان کی ویڈیو تیار کرائی تھی۔

راہل گاندھی کا قافلہ ابتدائی طور پر پولیس کی جانب سے روکا گیا تھا، تاہم بعد میں انتظامیہ نے اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دے دی۔ ملاقات کے دوران راہل گاندھی نے اہل خانہ کے ساتھ تعزیتی گفتگو کی اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا۔

راہل نے کہا، ’’خاندان نے کوئی جرم نہیں کیا، جرم ان کے خلاف کیا گیا ہے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ یہ ہی مجرم ہیں۔ انہیں گھر میں بند کر رکھا ہے اور ڈرا رہے ہیں۔ یہ صرف انصاف مانگ رہے ہیں۔ ہمارے بیٹے، ہمارے بھائی کو مارا گیا ہے، اس کا قتل کیا گیا۔ ہم انصاف مانگ رہے ہیں اور یہ کچھ نہیں کہہ رہے۔ انہیں گھر سے باہر نکلنے نہیں دیا جا رہا۔ گھر کے اندر ایک لڑکی ہے، اسے آپریشن کروانا ہے لیکن انہیں باہر نہیں جانے دیا جا رہا۔ حکومت نے انہیں بند کر رکھا ہے۔‘‘


راہل گاندھی نے کہا، ’’پورے ملک میں ذات پات کی بنیاد پر ظلم، قتل اور زیادتی کی جا رہی ہے۔ میں وزیراعلیٰ سے کہنا چاہتا ہوں کہ انہیں انصاف دیجیے، ان کا احترام کیجیے اور جو مجرم ہیں، ان کے خلاف جلد از جلد کارروائی کیجیے۔ ان کی حفاظت کرنے کی کوشش نہ کیجیے۔‘‘

خاندان ملاقات سے انکار کرنے کے سوال پر راہل نے کہا، ’’خاندان کے لوگوں نے کہا کہ حکومت کے اہلکاروں نے انہیں دھمکایا اور کہا کہ وہ مجھ سے ملاقات نہ کریں۔ یہ سب ویڈیو پر دیکھا جا سکتا ہے۔‘‘

فتح پور کے ای ڈی ایم سٹی، اویناش تریپاٹھی نے کہا کہ راہل گاندھی کو زیڈ+ سکیورٹی حاصل ہے، اس لیے تمام حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔

فتح پور میں مختصر قیام کے دوران اہل خانہ کے ساتھ تقریباَ آدھا گھنٹہ گفتگو کرنے کے بعد راہل گاندھی کانپور روانہ ہوئے اور اپنی اگلی منزل، ریاست آسام کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں وہ حال ہی میں سنگاپور میں ایک پروگرام کے دوران انتقال کرنے والے گلوکار زوبین گرگ کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔