راہل گاندھی کا دورۂ بہار: گیا میں خواتین اور راجگیر میں پسماندہ طبقات کے افراد و طلبہ سے کریں گے براہ راست گفتگو
راہل گاندھی آج بہار کے دورے پر ہیں، وہ گیا میں خواتین اور راجگیر میں طلبہ و پسماندہ طبقات کے افراد سے مکالمہ کریں گے اور ماؤنٹین مین دشرتھ مانجھی کو خراج عقیدت پیش کریں گے

راہل گاندھی / سوشل میڈیا
پٹنہ: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی آج بہار کے ایک روزہ دورے پر ہیں جہاں وہ مختلف طبقات سے براہ راست گفتگو کے ذریعے رابطہ مہم کو مزید مضبوط کریں گے۔ اپنے دورے کا آغاز وہ تاریخی شہر گیا سے کریں گے، جہاں وہ سب سے پہلے ’ماؤنٹین مین‘ کے نام سے معروف دشرتھ مانجھی کی یادگار پر گلپوشی کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق، راہل گاندھی گیا ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد سیدھے گہلور جائیں گے، جو دشرتھ مانجھی کا آبائی گاؤں ہے۔ یہاں وہ نہ صرف مانجھی کی مورتی پر مالا چڑھائیں گے بلکہ ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات بھی کریں گے۔ دشرتھ مانجھی، جنہوں نے برسوں کی محنت سے ایک پہاڑ کا سینہ چیر کر سڑک بنائی، پسماندہ طبقے کی جدوجہد کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔
گیا میں ہی راہل گاندھی خواتین سے ایک خصوصی مکالمے میں شریک ہوں گے، جہاں وہ سماجی، معاشی اور سیاسی مسائل پر ان کے خیالات سنیں گے۔ اس پروگرام کا مقصد خواتین کو درپیش حقیقی مسائل کو سمجھنا اور ان کے حل کے لیے سیاسی سطح پر لائحہ عمل تیار کرنا ہے۔
اس کے بعد راہل گاندھی نالندہ ضلع کے راجگیر روانہ ہوں گے، جہاں کانگریس کی جانب سے آئین بچاؤ کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس تقریب میں راہل گاندھی خصوصی خطاب کریں گے اور آئینی اقدار کی حفاظت پر زور دیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ آج ملک میں جمہوری اداروں اور آئینی اصولوں پر خطرات منڈلا رہے ہیں، جنہیں روکنے کے لیے عوامی بیداری ضروری ہے۔
راجگیر میں راہل گاندھی کا ایک اہم پروگرام پسماندہ طبقات، خاص طور پر انتہائی پسماندہ نوجوانوں کے ساتھ مکالمے کا بھی ہے۔ اس نشست کے ذریعے وہ ان طبقات کے سیاسی کارکنان اور سماجی نمائندوں سے براہ راست جڑیں گے تاکہ ان کے مسائل کو بہتر طریقے سے سمجھا جا سکے۔ اس موقع پر وہ نوجوانوں سے ان کی تعلیمی و روزگار سے متعلق مشکلات پر بھی گفتگو کریں گے۔
راہل گاندھی کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کانگریس، بہار میں مہا گٹھ بندھن کے ساتھ مل کر اپنی سیاسی سرگرمیاں تیز کر رہی ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اس طرح کے دوروں کا مقصد صرف انتخابی مہم نہیں بلکہ سماج کے مختلف طبقات سے جڑ کر ان کے لیے پالیسیوں میں نمائندگی کو یقینی بنانا ہے۔
راہل گاندھی شام کو راجگیر سے واپس روانہ ہوں گے۔ ان کا یہ دورہ نہ صرف علامتی اہمیت رکھتا ہے بلکہ سیاسی پیغام بھی دے رہا ہے کہ کانگریس آئین، سماجی انصاف اور محروم طبقات کے مسائل کو سنجیدگی سے لے رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔