راہل گاندھی کا کانگریس عہدیداروں کو خط، نوجوانوں کے مسائل پر ’چھاتروں کی گونج‘ مہم تیز کرنے کی اپیل

راہل گاندھی نے کانگریس عہدیداروں سے ’چھاتروں کی گونج‘ مہم میں تعاون کی اپیل کی اور نوجوانوں کے مسائل اجاگر کرنے پر زور دیا۔ ساتھ ہی مہاراشٹر کے ٹی ای ٹی پرچہ لیک کو نوجوانوں کے مستقبل کی چوری قرار دیا

<div class="paragraphs"><p>راہل&nbsp; گاندھی</p></div>
i

نئی دہلی: لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے کانگریس کے تمام جنرل سکریٹریوں، ریاستی کانگریس کمیٹیوں کے صدور، مختلف محکموں کے سربراہان، ضلع کانگریس کمیٹیوں کے صدور اور شہری کانگریس کمیٹیوں کے صدور کو خط لکھ کر انڈین یوتھ کانگریس اور نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا کی ’چھاتروں کی گونج‘ مہم میں بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو درپیش تعلیمی اور روزگار کے بحران کو منظم انداز میں ملک بھر کے سامنے لانا وقت کی ضرورت ہے۔

راہل گاندھی نے اپنے خط میں کہا کہ ہندوستان کے نوجوان ایک غیر معمولی بحران سے گزر رہے ہیں۔ ان کے مطابق مسلسل پرچہ لیک ہونے کے واقعات، امتحانات کی منسوخی، بار بار دوبارہ امتحانات کا انعقاد، سرکاری بھرتیوں میں تاخیر، خالی سرکاری آسامیوں، بڑھتی بے روزگاری اور تعلیم کی بلند ہوتی لاگت نے نوجوانوں اور ان کے خاندانوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوٹا میں منعقدہ ’چھاتروں کی گونج‘ ریلی کے دوران انہوں نے تعلیمی نظام پر عوامی گفتگو کا آغاز کیا تھا۔ ان کے مطابق موجودہ نظام نوجوانوں پر غیر معمولی دباؤ ڈالتا ہے، انہیں قرض کے بوجھ تلے دبا دیتا ہے اور مسلسل ذہنی تناؤ و غیر یقینی کی کیفیت میں مبتلا رکھتا ہے، جس کے باعث انہیں اپنے مستقبل سے متعلق اہم فیصلے سخت حالات میں کرنے پڑتے ہیں۔


راہل گاندھی نے اپنے خط میں کہا کہ نوجوانوں کے ساتھ ہونے والے استحصال اور لوٹ کھسوٹ کی حقیقت کو بے نقاب کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے پارٹی کی تمام تنظیمی اکائیوں سے کہا کہ وہ مربوط اور مؤثر انداز میں اس پیغام کو ملک بھر تک پہنچائیں تاکہ نوجوانوں کو موجودہ نظام سے نجات دلانے اور انہیں بہتر مواقع فراہم کرنے کی سمت ایک مضبوط عوامی تحریک کھڑی کی جا سکے۔

کانگریس نے بھی اس خط کو جاری کرتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی نے تمام تنظیمی عہدیداروں سے انڈین یوتھ کانگریس اور نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا کے ساتھ مل کر ’چھاتروں کی گونج‘ مہم کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے، تاکہ نوجوانوں کے مسائل کو قومی سطح پر مؤثر انداز میں اٹھایا جا سکے۔

ادھر راہل گاندھی نے ایکس پر جاری اپنے تازہ بیان میں مہاراشٹر کے ٹیچر اہلیت امتحان کا پرچہ لیک ہونے اور امتحان منسوخ کیے جانے پر بھی سخت ردِعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے لکھا، ’’ایک اور پرچہ لیک، ایک اور امتحان منسوخ، اس بار مہاراشٹر کا ٹیچر اہلیت امتحان۔‘‘

انہوں نے الزام لگایا کہ ملک کے تعلیمی اور امتحانی نظام کو ’وصولی کا نظام‘ بنا دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے ہر نوجوان خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ یہ صرف پرچہ لیک ہونے کا معاملہ نہیں بلکہ ’یہ نوجوانوں کے مستقبل کی چوری ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے کہ نوجوانوں کے مسائل، امتحانی بے ضابطگیوں اور بھرتیوں میں تاخیر کے خلاف ’چھاتروں کی گونج‘ مہم کو ملک گیر سطح پر مضبوط بنایا جا رہا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔