راہل گاندھی کا پونچھ کا دورہ، پاکستانی گولہ باری کے متاثرین سے کریں گے ملاقات
راہل گاندھی کل جموں و کشمیر کے پونچھ کا دورہ کریں گے جہاں وہ پاکستانی گولہ باری کے متاثرین سے ملاقات کریں گے۔ اس سے قبل وہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے متاثرین سے بھی مل چکے ہیں

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی کل ہفتہ 24 مئی کو جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کا دورہ کریں گے، جہاں وہ حالیہ دنوں میں پاکستانی فوج کی گولہ باری سے متاثرہ افراد سے ملاقات کریں گے۔
کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے جمعہ کو یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی اس موقع پر متاثرین کے اہل خانہ سے مل کر ان کے حالات جاننے اور ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے موجود ہوں گے۔ ان کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب حالیہ ہندوستان-پاکستان کشیدگی کے دوران پونچھ اور دیگر سرحدی علاقوں میں شدید گولہ باری اور ڈرون حملے دیکھے گئے جن میں درجنوں افراد ہلاک و زخمی ہوئے۔
جے رام رمیش نے کہا، "راہل گاندھی ملک کے ان علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں جہاں عوام براہ راست تشدد، دہشت گردی یا سرحدی کشیدگی کا سامنا کر رہے ہیں۔ پونچھ کا یہ دورہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔"
رپورٹس کے مطابق، 8 سے 10 مئی کے درمیان ہندوستان-پاکستان سرحدی کشیدگی کے دوران پونچھ، راجوری اور دیگر ملحقہ علاقوں میں شدید گولہ باری اور ڈرون حملے ہوئے جن میں 27 افراد ہلاک اور کم از کم 70 زخمی ہوئے۔
راہل گاندھی نے اس سے قبل 25 اپریل کو کشمیر کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے زخمیوں اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیراعلیٰ عمر عبداللہ سے بھی ملاقات کی اور خطے میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے خطرے پر بات چیت کی۔
راہل گاندھی نے اس وقت کہا تھا کہ "دہشت گردوں کا مقصد ملک کے عوام کو تقسیم کرنا اور بھائی کو بھائی کے خلاف کھڑا کرنا ہے۔ ہمیں ایسے حالات میں متحد ہوکر دہشت گردی کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔