راہل گاندھی کل اندور کا کریں گے دورہ، گندہ پانی پینے سے ہلاک ہونے والوں کے کنبہ سے ہوگی ملاقات
کانگریس کا کہنا ہے کہ اندور میں گندہ پانی پینے سے 24 لوگوں کی موت ہو چکی ہے، لیکن ذمہ دار گالی گلوج اور موج مستی میں مصروف ہیں۔ نہ کوئی ذمہ داری ہے، نہ ہی کوئی جوابدہی۔

مدھیہ پردیش کے اندور واقع بھاگیرتھ پورہ میں گندہ پانی پینے سے ہوئی ہلاکتوں نے علاقہ میں اب بھی خوف کی لہر پیدا کر رکھی ہے۔ خاص طور سے مہلوکین کا کنبہ خوف کے ساتھ ساتھ غم میں بھی ڈوبا ہوا ہے۔ متاثرہ کنبوں سے ملاقات کرنے کل راہل گاندھی اندور پہنچ رہے ہیں، اور اس کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ کانگریس نے ’ایکس‘ ہینڈل پر اس سلسلے میں جانکاری بھی شیئر کی ہے۔
کانگریس نے ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’اندور میں گندہ پانی پینے سے 24 لوگوں کی موت ہو گئی، لیکن ذمہ دار گالی گلوج اور موج کرنے میں مصروف رہے۔ نہ کوئی ذمہ داری، نہ جوابدہی۔‘‘ اس پوسٹ میں آگے لکھا گیا ہے کہ ’’حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کل اندور پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ متاثرہ کنبوں سے ملاقات کریں گے۔ بی جے پی حکومت کو ذمہ داری لیتے ہوئے لوگوں سے معافی مانگنی ہوگی۔‘‘
شیئر کردہ ویڈیو میں ریاستی حکومت کو ہدف تنقید بنایا گیا ہے۔ گندہ پانی پی کر پریشان لوگوں کی مصیبت دکھاتے ہوئے بیک گراؤنڈ سے آ رہی آواز میں بتایا گیا ہے کہ ’’اندور کے بھاگیرتھ پورہ میں گندہ پانی پینے سے 24 لوگوں کی موت ہو گئی، لیکن ذمہ دار غائب رہے۔ بدزبانی، مذاق، مٹھائی... لیکن عوام کے تئیں جوابدہی صفر۔‘‘ ویڈیو میں یہ بھی مطلع کیا گیا ہے کہ ’’راہل گاندھی ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔ ان کی مشکلات سمجھتے ہیں۔ 17 جنوری کو راہل گاندھی اندور پہنچ رہے ہیں۔ اندور کے لوگوں کا درد بانٹنے، ان کی تکلیف سننے۔‘‘
اس درمیان کانگریس نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا ہے کہ 17 جنوری 2026 کو مدھیہ پردیش کے شہری و دیہی ضلع کانگریس کمیٹیوں کے ذریعہ ضلع سطح پر یک روزہ ’اُپواس‘ پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ یہ اُپواس آلودہ پانی پینے سے ہوئی ہلاکتوں، انتظامیہ کی لاپروائی اور بی جے پی حکومت کی بے حسی کے خلاف ایک احتجاج ہوگا۔ اُپواس کا مقصد منریگا کے قانونی حقوق کی حفاظت بھی ہوگا، جس کے لیے کانگریس نے ملک گیر مہم چلا رکھی ہے۔