کانگریس کی ’آئین بچاؤ مہم‘ آج سے، تالکٹورا اسٹیڈیم سے راہل پھونکیں گے بِگُل

دلتوں پر جاری مظالم، مودی حکومت کی آئین مخالف پالیسیوں اور عوام مخالف فیصلوں کے خلاف کانگریس سوموار سے ’آئین بچاؤ‘ مہم شروع کر رہی ہے۔ یہ مہم سال بھر تک چلے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی کی قیادت والی مودی حکومت میں آئین اور دلتوں پر ہو رہے حملوں کے خلاف کانگریس آج (سوموار) سے آئین بچاؤ مہم شروع کر رہی ہے۔ اس کی شروعات دہلی کے تالکٹورا اسٹیڈیم میں ہوگی جس میں کانگریس سربراہ راہل گاندھی بھی حصہ لیں گے۔

یہ مہم اگلے سال 14 اپریل تک چلے گی جو کہ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی یومِ پیدائش ہے۔ اس مہم کے تحت مودی حکومت کی ان پالیسیوں کو اُجاگر کیا جائے گا جن سے آئین کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ ’آئین بچاؤ مہم‘ کے آغاز کے موقع پر سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، غلام نبی آزاد، ملکارجن کھڑگے اور سشیل کمار شندے شامل ہو سکتے ہیں۔ اس میں پنچایت، مقامی بلدیات اور ضلع سطح کے پارٹی افسر بھی حصہ لے سکتے ہیں۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کانگرنس کارکنان کو یہ مہم اپنے اپنے علاقوں میں چلانے کی ہدایت دی جائے گی۔ کارکنان لوگوں کو مودی حکومت کی آئین مخالف پالیسیوں کے بارے میں بیدار کریں گے۔

کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’بی جے پی حکومت میں آئین خطرے میں ہے۔ دلت طبقہ کو تعلیم اور ملازمت کے مواقع نہیں مل رہے ہیں۔ اس مہم کا مقصد ان ایشوز کو قومی سطح پر اٹھانا ہے۔‘‘ کانگریس کے شیڈول کاسٹ محکمہ کے سربراہ ویپن راؤت نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ 2014 میں بی جے پی جب سے مرکز میں آئی ہے، کسی نہ کسی طریقے سے ملک کے آئین پر حملے ہوتے رہے ہیں۔ اس سے سماج کے محروم طبقوں کو ان کے آئینی حقوق نہیں مل رہے ہیں۔

کانگریس کا الزام ہے کہ بی جے پی-آر ایس ایس شیڈول کاسٹ، شیڈول ٹرائب اور دیگر کمزور طبقوں کو ملی سماجی تحفظ کو ختم کرنا چاہتی ہے۔ آر ایس ایس نظریہ آئین کے بنیادی ڈھانچے پر حملہ کرتا ہے جس کا کانگریس پارٹی مقابلہ کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔