چنئی دورے پر راہل گاندھی، ماملاپورم کیمپ میں کانگریس کے ضلعی صدور سے کریں گے خطاب

چنئی ایئرپورٹ پر کانگریس رہنماؤں اور کارکنان نے راہل گاندھی کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر تمل ناڈو کانگریس کمیٹی کے صدر مانیکم ٹیگور، وزیر پی وشواناتھن اور پارٹی کے دیگر سینئر عہدیداران موجود تھے۔

<div class="paragraphs"><p>ایئرپورٹ پر راہل گاندھی کا استقبال کرتے ہوئے کانگریس لیڈران</p></div>
i

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی ہفتہ کو چنئی پہنچے۔ وہ ماملپورم کے قریب تمل ناڈو کانگریس کے ضلعی صدور کے لیے منعقدہ تربیتی کیمپ کے اختتامی سیشن میں شرکت کریں گے۔ وہ ریاست میں پارٹی تنظیم کو مضبوط کرنے اور زمینی سطح پر پارٹی کو دوبارہ فعال کرنے پر توجہ مرکوز کریں گے۔

چنئی ایئرپورٹ پر پر کانگریس رہنماؤں اور کارکنان نے راہل گاندھی کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر تمل ناڈو کانگریس کمیٹی کے صدر مانیکم ٹیگور، وزیر پی وشواناتھن اور پارٹی کے دیگر سینئر عہدیداران موجود تھے۔ ایئرپورٹ سے راہل گاندھی ایسٹ کوسٹ روڈ پر واقع ماملپورم کے لیے روانہ ہوئے، جہاں تمل ناڈو کانگریس 23 جولائی سے اپنے ضلعی سطح کی قیادت کے لیے ایک تربیتی پروگرام منعقد کر رہی ہے۔


اس کیمپ میں 74 ضلع کانگریس کمیٹی کے صدور شرکت کر رہے ہیں اور یہ ماملپورم کے قریب ایک ریزورٹ میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ راہل گاندھی اختتامی دن میں شرکت کریں گے اور تنظیمی و سیاسی مسائل پر ضلعی صدور کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ یہ بات چیت بند کمرے میں ہوگی اور کسی کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ راہل گاندھی سے بوتھ اور ضلعی سطح پر کانگریس کو مضبوط کرنے اور تمل ناڈو میں مستقبل کے سیاسی چیلنجز کے لیے تنظیم کو تیار کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کی امید ہے۔

یہ میٹنگ اس لیے اہم ہے کیونکہ کانگریس تمل ناڈو حکومت کا حصہ بننے کے بعد ریاست میں اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جو کہ تقریباً 6 دہائیوں کے بعد ریاست میں اقتدار کی شراکت داری میں اس کی واپسی کی علامت ہے۔ رپورٹس کے مطابق راہل گاندھی شام تقریباً 4 بجے کانگریس کے اہم عہدیداروں کے ساتھ ایک الگ میٹنگ کرنے والے ہیں، جس کے دوران تمل ناڈو میں پارٹی کی تنظیمی صورتحال اور اس کی مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلۂ خیال کا امکان ہے۔ پروگرام کے بعد راہل گاندھی چنئی سے شام تقریباً 7 بجے طیارے کے ذریعے نئی دہلی کے لیے روانہ ہوں گے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔