’راہل گاندھی انصاف ملنے تک نشو آزاد کے ساتھ کھڑے ہیں‘، کانگریس نے سوتنتر بھاردواج کی گرفتاری کا کیا مطالبہ

الکا لامبا نے کہا کہ ’’آپ سوتنتر بھاردواج کی ویڈیو سنیے اور سوچیے، کھلے اسٹیج سے اتنا سب کہنے کے بعد بھی دہلی پولیس نے صرف ایک معمولی ایف آئی آر درج کی، اسے گرفتار نہیں کیا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>الکا لامبا / تصویر پریس ریلیز</p></div>
i

’’ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ 24 گھنٹے کے اندر سوتنتر بھاردواج کی گرفتاری ہو اور اسے جیل میں ڈالا جائے۔ کانگریس اور حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی انصاف ملنے تک پوری طاقت سے نشو آزاد کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘ یہ بیان مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ اس پریس کانفرنس میں الکا لامبا نے کئی خواتین کا نام سامنے رکھ کر ان پر ہو رہے ظلم کو بیان کیا اور مرکز کی مودی حکومت کو ایک طرح سے کٹہرے میں کھڑا کر دیا۔

میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے الکا لامبا نے کہا کہ ’’میں آج آپ کے سامنے ملک کی کچھ بیٹیوں کا ذکر کروں گی... نشو آزاد، شاہین خان و نفیسہ خان، آکرتی چودھری، روچیکا سنگھ۔‘‘ وہ اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’’نشو آزاد اسکول میں پڑھتی ہیں اور دلت سماج کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتی ہیں۔ نشو نے جنتر منتر کی تحریک میں حصہ لیا اور جمہوری طریقوں سے اپنی بات رکھی، جہاں بی جے پی رائٹ وِنگ کے پُرتشدد لوگوں نے ان کے والد سے مار پیٹ کی۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’مار پیٹ کرنے والے کا نام ہے سوتنتر بھاردواج، جس کا بڑے بڑے چینلز انٹرویو کر رہے ہیں۔ اپنے انٹرویو میں سوتنتر بھاردواج بڑی ہی بے شرمی سے اپنے ظلم کے قصے سنا رہا ہے۔ دلت سماج کے لیے ہتک آمیز الفاظ کا استعمال کر رہا ہے، لیکن اس کے خلاف کسی دفعہ میں کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔‘‘


سوتنتر بھاردواج کے عمل پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’آپ سوتنتر بھاردواج کی ویڈیو سنیے اور سوچیے، کھلے اسٹیج سے اتنا سب کہنے کے بعد بھی دہلی پولیس نے صرف ایک معمولی ایف آئی آر درج کی، لیکن اسے گرفتار نہیں کیا۔ جبکہ اس معاملہ میں قتل کی کوشش کی دفعہ لگنی چاہیے تھی، لیکن یہ دفعہ نہیں لگائی گئی۔‘‘ کانگریس کا کہنا ہے کہ سوتنتر بھاردواج نے اپنی ویڈیو میں یہ بھی بتایا ہے کہ اس کا کن بڑے لیڈران سے رابطہ ہے اور اسے کن لوگوں کا تحفظ حاصل ہے۔ اس نے اپنی ویڈیو مین دہلی کے وزیر کپل مشرا اور مرکزی وزیر چراغ پاسوان تک کا ذکر کیا ہے۔ سوتنتر کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہی نشو آزاد نے حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی سے انصاف دلانے کا مطالبہ کیا۔

شاہین خان اور نفیسہ خان کا ذکر کرتے ہوئے الکا لامبا نے کہا کہ ’’خاتون صحافی شاہین اور نفیسہ کے ساتھ جو کچھ ہوا، وہ بے حد شرمناک ہے۔ وہ وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا سے سوال پوچھنا چاہتی تھیں۔ وہ جاننا چاہتی تھیں کہ 15 سال کی بچی تنوی کو علاج کیوں نہیں ملا جو دہلی ایمس میں اس کی موت ہوئی؟ وزیر داخلہ ایمس جانے کی جگہ پرائیویٹ اسپتال کے افتتاح میں کیوں مصروف تھے؟ کچھ دن قبل ایک چلتی بس میں نابالغ بچی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری ہوئی تو خواتین و بچیوں کی سیکورٹی پر حکومت کب جواب دے گی؟‘‘ وہ کہتی ہیں کہ اس طرح کے سوالات پوچھنے کے بعد خاتون صحافیوں کے ساتھ پولیس نے مار پیٹ کی، جس سے ان کے جسم پر گہرے زخم ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’میرا مطالبہ ہے کہ اس حادثہ میں شامل پولیس اہلکاروں پر کارروائی ہو اور انھیں فوراً معطل کیا جائے۔ ساتھ ہی دہلی حکومت واقعہ سے جڑے سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر لائے۔‘‘


ایک دیگر معاملہ میں مہیلا کانگریس صدر نے کہا کہ ’’دہلی یونیورسٹی کی طالبہ اور سماجی کارکن آکرتی چودھری نے نوئیڈا میں مزدور تحریک کو کچلنے کے خلاف آواز بلند کی تھی۔ نوئیڈا ضلع مجسٹریٹ میدھا روپم نے اس تحریک کو کچل دیا اور جن لوگوں نے مزدوروں کو حمایت دی، انھیں این ایس اے لگا کر جیل بھیج دیا۔ انہی لوگوں میں آکرتی چودھری بھی شامل ہیں، جو 5 ماہ سے جیل میں بند ہیں۔ لیکن اب اس معاملہ میں الٰہ آباد ہائی کورٹ نے تبصرہ کرتے ہوئے این ایس اے منسوخ کر دیا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’ہائی کورٹ نے کہا کہ انتظامیہ ایک بھی ثبوت پیش نہیں کر پایا، جس سے پتہ چلتا ہو کہ آکرتی قصوروار ہے۔ اس معاملہ میں عدالت نے یہ بھی کہا ہے کہ ضلع مجسٹریٹ میدھا روپم کی تنخواہ سے آکرتی چودھری کو 5 لاکھ کا معاوضہ دیا جائے۔‘‘

الکا لامبا نے 15 سالہ روچیکا سنگھ سے جڑے معاملہ پر بھی اپنی تشویش ظاہر کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’جنتر منتر کے مظاہرہ میں شامل ہوئی 15 سالہ روچیکا کا بی جے پی کے لوگوں نے جینا حرام کر دیا ہے۔ آج روچیکا کہہ رہی ہے– مودی جی، آپ نے میری زندگی جہنم بنا دی ہے۔‘‘ کانگریس لیڈر نے روچیکا کا درد سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ ’’اگر 15 سالہ بچی اپنے ساتھ ہوئے سلوک کے خلاف آواز اٹھا رہی ہے تو اس کی آواز دبانے کی جگہ اس کی بات سنی جانی چاہیے۔ اس لیے کانگریس پارٹی نے طے کیا ہے کہ ہم ان تمام بیٹیوں کو انصاف دلانے تک ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔‘‘


الکا لامبا نے نشو آزاد، شاہین خان و نفیسہ خان، آکرتی چودھری اور روچیکا سنگھ سبھی کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کانگریس اپنی پوری طاقت کے ساتھ ان سبھی کے لیے آواز اٹھائے گی۔ مہیلا کانگریس صدر نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’اگر انھیں کسی بھی طرح کی معاشی یا قانونی مدد کی ضرورت ہوگی تو کانگریس پارٹی ہر ممکن مدد کرے گی۔‘‘