سوامی اگنیویش پر حملہ: ٹوئٹر پر سوال پوچھ کر راہل نے وزیر اعظم کو بنایا نشانہ

کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو اشاروں اشاروں میں تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ طاقتور کے سامنے جھکنے اور کمزوروں کو کچلنے میں یقین رکھتے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی یوا مورچہ کے ذریعہ سوامی اگنیویش پر کیے گئے حملہ کی چہار جانب مذمت ہو رہی ہے۔ اس درمیان کانگریس صدر راہل گاندھی نے بھی ایک دلچسپ ٹوئٹ کرتے ہوئے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ راہل گاندھی نے سوامی اگنیویش پر حملے کا ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’میں لائن میں سب سے طاقتور کے آگے جھک جاتا ہوں۔ ایک شخص کی طاقت اور اقتدار ہی میرے لیے سب سے اہم ہے۔ میں اقتدار کی اونچ نیچ بنائے رکھنے کے لیے نفرت اور خوف کا استعمال کرتا ہوں۔ میں کمزور لوگوں کی تلاش کرتا ہوں اور انھیں کچل دیتا ہوں۔ میں سبھی جانداروں کو اپنے لیے ان کی افادیت کی بنیاد پر استعمال کرتا ہوں۔ میں کون ہوں؟‘‘

کانگریس صدر نے ’میں کون ہوں؟‘ سوال کے ذریعہ اشاروں اشاروں میں نریندر مودی کو نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ یہ کہنے کی کوشش کی ہے کہ نریندر مودی طاقتور لوگوں کے سامنے جھک جاتے ہیں جب کہ کمزور لوگوں کو کچلنا ان کی خاصیت ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سوامی اگنیویش پر حملے کی خبریں اور ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سماج کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معروف اشخاص نے اس کی پرزور مذمت کی اور بی جے پی یوا مورچہ کے ذریعہ اس حملے کے خلاف آواز بلند کی۔ ہنگامہ برپا ہونے کے بعد 20 لوگوں کو پولس نے گرفتار بھی کیا تھا لیکن سوامی اگنیویش کا کہنا ہے کہ کچھ ہی گھنٹوں بعد وہ لوگ آزاد گھومتے ہوئے نظر آئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔