’100 سوالات، تجسس کی کوئی انتہا نہیں‘، راہل گاندھی نے شیئر کی انڈمان میں کمسن دوست سے ملاقات کی ویڈیو

راہل گاندھی نے اپنے انڈمان و نکوبار کے سفر کی کئی ویڈیوز شیئر کی ہیں، جن میں وہ مقامی لوگوں سے بات کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور غوطہ خوروں سے بھی ملاقات کر رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>کمسن دوست کے ساتھ راہل گاندھی، ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے گزشتہ دنوں انڈمان و نکوبار کا دورہ کیا۔ اس سفر میں انھوں نے موٹر سائیکل کی سواری بھی کی، مقامی لوگوں سے مختلف مقامات پر بات چیت بھی کی اور غوطہ خوروں کے ساتھ سمندر میں غوطہ بھی لگایا۔ انڈمان و نکوبار الجزائر کی قدرتی خوبصورتی سمیٹے ہوئی کئی تصویریں اور ویڈیوز راہل گاندھی کے ساتھ ساتھ کانگریس نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعہ گزشتہ کچھ دنوں میں شیئر کی ہیں۔ ان تصویروں اور ویڈیوز کو پیش کر رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے مودی حکومت کے ’گریٹ نکوبار پروجیکٹ‘ پر تشویش ظاہر کی۔ انھوں نے اس پروجیکٹ کو انڈمان و نکوبار الجزائر کی خوبصورتی کے لیے مضر ٹھہرایا۔

آج بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک اور ایکس وغیرہ پر کئی ایسی ویڈیوز شیئر کی گئی ہیں جن میں انڈمان و نکوبار الجزائر کی خوبصورتی دیکھتے ہی بنتی ہے۔ راہل گاندھی نے اپنے فیس بک ہینڈل سے ایک ویڈیو ننھے دوست کی شیئر کی ہے، جس میں وہ خوشگوار ماحول میں بات چیت کرتے نظر آ رہے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کمسن بچہ راہل گاندھی سے کئی طرح کے سوالات اس کشتی کے بارے میں پوچھتا ہے۔ اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے ’’میرا متجسس کمسن دوست کشتی کے بارے میں سب کچھ جاننا چاہتا ہے!‘‘ کانگریس نے بھی اس ویڈیو کو اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کیا ہے، جس میں لکھا ہے ’’ ایک کشتی، 100 سوالات اور تجسس کی کوئی انتہا نہیں۔ حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اپنے ایک متجسس کمسن دوست کے ساتھ۔‘‘


کانگریس نے انڈمان و نکوبار میں راہل گاندھی کے ذریعہ گزارے گئے اوقات کی کچھ دیگر ویڈیوز بھی ’ایکس‘ ہینڈل پر آج شیئر کی ہیں، جو دیکھنے لائق ہیں۔ ایک ویڈیو میں وہ کئی غوطہ خوروں سے بات چیت کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اس ویڈیو کے ساتھ کانگریس نے لکھا ہے ’’جب غوطہ خور اکٹھا ہوتے ہیں تو سمندر کی کہانی خود بخود کھلنے لگتی ہے۔ حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی ساتھی غوطہ خوروں کے ساتھ ایک بے تکلف گفتگو کے دوران۔‘‘ ویڈیو میں غوطہ خور راہل گاندھی سے بات چیت کے دوران کچھ اہم باتیں سامنے رکھتے ہیں، اور راہل گاندھی کی کچھ باتوں پر حیران بھی ہوتے ہیں۔

کانگریس کے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کردہ ایک دیگر ویڈیو میں رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی مقامی لوگوں سے بات کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس ویڈیو کے ساتھ لکھا گیا ہے ’’ایک اسکوٹر کی سواری، بے شمار بات چیت اور انڈمان و نکوبار کی گرم جوش میزبانی۔‘‘ ویڈیو دیکھنے کے بعد محسوس کیا جا سکتا ہے کہ مقامی لوگ راہل گاندھی سے مل کر بہت خوش ہیں اور بے تکلف انداز میں ان سے بات کر رہے ہیں۔ ایک خاتون راہل گاندھی کی ’بائیک رائیڈنگ‘ کی تعریف کرتی ہوئی بھی دکھائی دے رہی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی ’گریٹ نکوبار پروجیکٹ‘ کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں تاکہ اس خطہ کے حسن کو بچایا جا سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر یہ پروجیکٹ نہیں رکا تو انڈمان و نکوبار کی قدرتی خوبصورتی کو تو نقصان پہنچے گا ہی، مقامی قبائلی آبادی بھی بری طرح متاثر ہوگی۔ نہ صرف ان کے وجود کو خطرہ لاحق ہو گا، بلکہ ان کی زمینیں بھی نہیں بچیں گی۔