راہل گاندھی کا ’جین زی‘ کو پیغام- ’زندگی سیدھی لکیر نہیں، لچک اور ثابت قدمی اختیار کریں‘، دیکھیں ویڈیو
راہل گاندھی نے این آر آئی طلبا سے حالیہ ملاقات کی ویڈیو جاری کی، جس میں شناخت، بے چینی، کامیابی، ناکامی اور سماجی فیصلوں پر بات ہوئی۔ راہل گاندھی نے نوجوانوں کو لچک اور ثابت قدمی کا مشورہ دیا

حال ہی میں متحدہ عرب امارات سے آئے کچھ این آر آئی طلبا نے راہل گاندھی سے ملاقات کی، جس کی ویڈیو انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر جاری کی ہے۔ اس ملاقات میں نوجوانوں نے شناخت، مقصد، پیشے اور شوق میں توازن، بے چینی، خود اعتمادی کی کمی اور سماجی فیصلوں جیسے موضوعات پر سوالات کیے، جن پر راہل گاندھی نے تفصیل سے گفتگو کی۔
ویڈیو میں ایک طالب علم نے پوچھا کہ اکثر طلبا یہ سمجھ نہیں پاتے کہ وہ اپنے پیشے کو اپنے شوق کے ساتھ کیسے جوڑیں۔ اس پر راہل گاندھی نے کہا کہ انسان کو وہی کرنا چاہیے جو وہ دل سے کرنا چاہتا ہو، بشرطیکہ اس کی نیت درست ہو۔ ان کے مطابق صحیح ارادہ اور مثبت رویہ زندگی میں راستہ متعین کرتے ہیں۔
گفتگو کے دوران ’بھارت جوڑو یاترا‘ کا بھی ذکر ہوا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ اس یاترا سے انہوں نے یہ سیکھا کہ انسان کی حد وہ نہیں ہوتی جو وہ خود سمجھتا ہے، بلکہ اس سے کہیں زیادہ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو اپنی زندگی کا سفر اپنی سوچ اور خواہش کے مطابق طے کرنے کا حق ہونا چاہیے اور اسے مذہب یا کسی اور شناخت کی بنیاد پر محدود نہیں کیا جانا چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ زندگی کبھی سیدھی لکیر میں نہیں چلتی۔ ان کے مطابق بعض لوگ ہر قدم پہلے سے طے کرنا چاہتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ لچکدار رہیں اور ثابت قدمی اختیار کریں، کیونکہ یہی دو خصوصیات انہیں آگے بڑھنے میں مدد دیں گی۔
کامیابی کی تعریف کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ اصل کامیابی ہر صورتحال میں خود کو پُرسکون اور مطمئن رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے پاس طاقت یا دولت ہو لیکن وہ دوسروں اور ماحول کے لیے احترام نہ رکھتا ہو تو اسے کامیاب نہیں کہا جا سکتا۔ ان کے مطابق ناکامی اور کامیابی ایک ہی عمل کے دو حصے ہیں اور ناکامی کے بغیر آگے بڑھنا ممکن نہیں۔
ملاقات کے دوران بعض طلبا نے اعتراف کیا کہ وہ بولتے وقت گھبراہٹ محسوس کرتے ہیں اور دوسروں کے فیصلوں سے متاثر ہوتے ہیں۔ اس پر راہل گاندھی نے کہا کہ معاشرہ اکثر افراد کو لیبل لگا کر محدود کرنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن اگر انسان کو یقین ہو کہ وہ درست راستے پر ہے تو اسے دوسروں کی رائے سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔
ویڈیو کے اختتام پر انہوں نے نوجوانوں کو سچائی اور عدم تشدد کو اپنی زندگی کا بنیادی اصول بنانے کی نصیحت کی اور کہا کہ خود سے سچا رہنا ہی سب سے بڑی طاقت ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔