چینی جارحیت کو نظر انداز کرنا، حکومت کی ملک کے ساتھ غداری! راہل گاندھی

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے لداخ میں ایل اے سی کے قریب چین کی طرف سے کئے جا رہے تعمیراتی کاموں کے حوالہ سے مودی حکومت کو ایک مرتبہ پھر ہدف تنقید بنایا ہے

راہل گاندھی / تصویر ٹوئٹر
راہل گاندھی / تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے لداخ میں ایل اے سی کے قریب چین کی طرف سے کئے جا رہے تعمیراتی کاموں کے حوالہ سے مودی حکومت کو ایک مرتبہ پھر ہدف تنقید بنایا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ چین مستقبل میں دشمنانہ کارروائی کی بنیاد رکھ رہا ہے، حکومت اس کو نظر انداز کر کے ہندوستان کے ساتھ غداری کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ امریکہ نے لداخ میں چین کی طرف سے کئے جا رہے تعمیراتی کام کے حوالہ سے ہندوستان کو خبردار کیا ہے۔ امریکہ نے کہا کہ لداخ میں چینی سرگرمیاں چشم کشاں ہیں اور چین نے اس طرح کا ڈھانچہ تیار کیا ہے جو خطرے کی گھنٹی بجاتا ہے۔ یہ انکشاف ایک سینئر امریکی جنرل نے کیا ہے۔ امریکی جنرل چارلس اے فلن نے کہا ’’چین کا رویہ غیر مستحکم کرنے کی کوشش اور تعلقات کو نقصان پہنچانے والا ہے۔‘‘


جنرل فلن نے کہا کہ چین سرحد کے اندر لگاتار سڑک تعمیر کے کام کو تیز کر رہا ہے، یہ غیر مستحکم کرنے والا اور نقصان دہ رویہ ہے، اس سے اس علاقے میں اسے کوئی فائدہ نہیں ملے گی۔ میرا خیال ہے کہ ہمیں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ چین کے نقصان دہ اور بدنیتی پر مبنی رویے سے نمٹا جا سکے۔

راہل گاندھی نے اس خبر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا ’’چین مستقبل میں دشمنانہ کارروائی انجام دینے کے لئے بنیادیں تیار کر رہا ہے۔ حکومت اس کو نظر انداز کر کے ہندوستان کو دھوکہ دے رہی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */