راہل گاندھی کا امیٹھی میں پُر زور استقبال، کہا- ’یہاں سے میرا خاندانی رشتہ ہے‘

امیٹھی پہنچے راہل گاندھی نے کارکنان سے کہا کہ یہاں سے میرا تعلق سیاسی نہیں بلکہ خاندانی ہے، جب بھی آپ آواز دیں گے میں حاضر ہو جاؤں گا اور یہ رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔

تصویر اے آئی سی سی
تصویر اے آئی سی سی
user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا انتخابات 2019 کے نتائج کا اعلان ہونے کے بعد پہلی مرتبہ راہل گاندھی بدھ کے روز ایک روزہ دورے پر اپنے روایتی حلقہ انتخاب امیٹھی پہنچے۔ اس دوران اپنے قائد راہل گاندھی کی ایک جھلک پانے کے لئے کانگریس کارکنان میں غضب کا جوش نظر آیا۔

امیٹھی پہنچنے کے بعد راہل گاندھی نے کانگریس کارکنان کے ساتھ میٹنگ کی۔ میٹنگ کے دوران راہل گاندھی نے کارکنان سے کہا کہ وہ ہار سے مایوس نہ ہوں بلکہ علاقہ میں جاکر پارٹی کو بوتھ لیول پر مضبوط کریں۔ واضح رہے کہ راہل گاندھی گوری گنج کے نرملا دیوی انسٹی ٹیوٹ میں پارٹی کارکنان سے خطاب کر رہے تھے۔


راہل گاندھی نے مزید کہا، ’’امیٹھی سے میرا رشتہ سیاسی نہیں بلکہ خاندانی ہے۔ دن ہو یا رات ہو آپ جب بھی آواز دیں گے میں حاضر ہو جاؤں گا۔ اب میں وائناڈ سے رکن پارلیمان ہوں اس لئے زیادہ وقت وہاں دینا ہوگا لیکن جب بھی کارکنان کو ضرورت ہوگی تو میں امیٹھی آ جاؤں گا۔ یہاں سے میرا تعلق ہمیشہ قائم رہے گا۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’امیٹھی سے میرا رشتہ نسلوں کا رہا ہے، میں اس رشتہ کو نبھاؤں گا۔ میں وائناڈ سے رکن پارلیمان ہوں، وہاں کے ترقیاتی کام مجھے دیکھنے ہوں گے لیکن میں امیٹھی بھی آتا جاتا رہوں گا۔‘‘


امیٹھی پہنچنے پر راہل گاندھی نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں امیٹھی آنا گھر جیسا لگتا ہے۔ اس سے قبل راہل گاندھی بدھ کی صبح اموسی ایئر پورٹ پر پہنچے جہاں سے وہ سڑک کے راستہ سیدھے گوری گنج کے چوک بازار پہنچے۔ یہاں سے انہوں نے آنجہانی ڈاکٹر گنگا پرساد گپت کے اہل خان سے ملاقات کر کے تعزیت کا اظہار کیا۔ کانگریس سے وابستہ ڈاکٹر گنگا پرساد گپت کاحال ہی میں انتقال ہو گیا تھا۔


قبل ازیں راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر ایک کروڑ فالوورس کا ہندسہ پار کرنے پر ٹوئٹ کیا تھا۔ انہوں نے اس موقع پر امیٹھی میں جشن منانے کی بات کہی۔ ساتھ ہی ٹوئٹر پر موجود تمام فالوورس کا شکریہ ادا کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔