پہلے کے مقابلے 10 گنا زیادہ طاقت سے لڑوں گا، میں ہمیشہ غریبوں و کسانوں کے ساتھ: راہل

کانگریس صدر کے عہدہ سے استعفیٰ دینے کے ایک دن بعد اشاروں اشاروں میں راہل گاندھی نے مودی حکومت پر حملہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ اب لڑائی مزید طاقت کے ساتھ کی جائے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس صدر عہدہ سے استعفیٰ دینے کے ایک دن بعد جمعرات کو کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے گزشتہ پانچ سال کے مقابلے میں 10 گنا زیادہ طاقت سے لڑنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ میں ہمیشہ غریبوں اور کسانوں کے ساتھ ہوں۔


مستقبل میں جارحانہ رخ اختیار کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’میری لڑائی جاری رہے گی۔ میں اپنی گزشتہ پانچ سال میں کی گئی لڑائی سے دس گنا زیادہ طاقت سے لڑوں گا۔‘‘ صدر عہدہ سے استعفیٰ دینے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ وہ جو کہنا چاہتے تھے کل (بدھ کو) جاری کیے گئے اپنے خط میں لکھ دیا ہے۔

غور طلب ہے کہ راہل گاندھی نے بدھ کو استعفیٰ کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی کو دوبارہ مضبوط کرنے کے لیے سخت فیصلے لینے ہوں گے اور کئی لوگوں کو 2019 کی ناکامی کے لیے جوابدہ ہونا ہوگا۔ اس ناکامی کے لیے صرف دوسروں کو ذمہ دار ٹھہرانا اور صدر کے ناطے اپنی ذمہ داری قبول نہ کرنا، درست نہیں ہوگا۔


راہل گاندھی نے کارکنان کو لکھے خط میں کہا تھا کہ ’’میری لڑائی کبھی بھی ایک عام سیاسی اقتدار حاصل کرنے کی نہیں رہی۔ مجھے بی جے پی سے کوئی نفرت یا غصہ نہیں ہے، لیکن ہندوستان سے متعلق ان کے نظریہ کا میں سخت مخالف ہوں۔ میری مخالفت اس لیے ہے کیونکہ ہندوستان کے متعلق ان کا نظریہ اور میرے نظریہ میں زمین-آسمان کا فرق ہے۔ یہ کوئی نئی لڑائی نہیں ہے بلکہ ہزاروں سال سے ہماری زمین پر لڑی جا رہی ہے۔ انھیں اس میں اختلاف اور تفریق نظر آتا ہے، مجھے اس میں نابرابری نظر آتی ہے۔ جہاں انھیں نفرت نظر آتی ہے، مجھے محبت دکھائی پڑتی ہے۔

دوسری طرف کانگریس صدر عہدہ سے راہل گاندھی کے استعفیٰ کے بعد کانگریس جنرل سکریٹری اور ان کی بہن پرینکا گاندھی نے کہا کہ کچھ ہی لوگوں میں اس طرح کا فیصلہ لینے کی ہمت ہوتی ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ میں آپ کے فیصلے کی عزت کرتی ہوں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔