’ریلوے ٹریک مین‘ کے درمیان پہنچے راہل گاندھی، ہاتھ میں ہتھوڑا اور سر پر ٹوپی پہن کر ان کے مسائل سے ہوئے روشناس

راہل گاندھی نے کہا کہ ریلوے کو رفتار دینے اور محفوظ بنائے رکھنے والے ٹریک مین بھائیوں کے لیے سسٹم میں نہ کوئی پروموشن ہے اور نہ ہی اموشن۔

<div class="paragraphs"><p>ریلوے ٹریک مین کے ساتھ راہل گاندھی، تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/INCIndia">@INCIndia</a></p></div>

ریلوے ٹریک مین کے ساتھ راہل گاندھی، تصویر@INCIndia

user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے آج دہلی کینٹ ریلوے اسٹیشن پر ہندوستانی ریل ملازمین میں بطور ٹریک مین کام کرنے والوں سے ملاقات کی۔ اس دوران راہل گاندھی نے ان کے مسائل اور چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات کی ایک ویڈیو راہل گاندھی نے ’ایکس‘ ہینڈل پر جاری کی ہے جس میں وہ ہاتھ میں ہتھوڑا، سر پر ٹوپی اور جسم پر ٹریک مین کی جیکٹ پہنے دکھائی دے رہے ہیں۔

راہل گاندھی نے اپنے اس پوسٹ میں ’ٹریک مین‘ کی تکلیفوں پر فکر ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ریلوے کو رفتار دینے اور محفوظ بنائے رکھنے والے ٹریک مین بھائیوں کے لیے سسٹم میں ’نہ کوئی پروموشن ہے، نہ ہی اموشن (جذبات)‘۔ انڈین ریل ملازمین میں ٹریک مین سب سے زیادہ نظر انداز ہیں، ان سے مل کر ان کے مسائل اور چیلنجز کو سمجھنے کا موقع ملا۔‘‘


کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ٹریک مین کے ساتھ ہوئی گفتگو سے ملی جانکاری کا تذکرہ کرتے ہوئے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ٹریک مین 35 کلو اوزار اٹھا کر روزانہ 10-8 کلومیٹر پیدل چلتے ہیں۔ ان کی ملازمت ٹریک پر ہی شروع ہوتی ہے اور وہ ٹریک سے ہی ریٹائر ہو جاتے ہیں۔ جس محکمہ جاتی امتحان کو پاس کر دوسرے ملازمین بہتر عہدوں پر جاتے ہیں، اس امتحان میں ٹریک مین کو بیٹھنے بھی نہیں دیا جاتا۔ ٹریک مین بھائیوں نے بتایا کہ ہر سال تقریباً 550 ٹریک مین کام کے دوران حادثات کے شکار ہو کر جان گنوا دیتے ہیں، کیونکہ ان کی سیکورٹی کے انتظامات ناکافی ہیں۔‘‘

اپنے پوسٹ میں راہل گاندھی نے ٹریک مین کے دو اہم مطالبات کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے لکھا کہ ’’مشکل حالات میں بغیر بنیادی سہولیات کے دن رات سخت محنت کرنے والے ٹریک مین بھائیوں کے ان اہم مطالبات کو ہر حال میں سنا جانا چاہیے۔ (1) کام کے دوران ہر ٹریک مین کو ’حفاظتی ڈیوائس‘ ملے، جس سے ٹریک پر ٹرین آنے کی اطلاع انھیں وقت سے مل سکے۔ (2) ٹریک مین کو محکمہ جاتی امتحان (ایل ڈی سی ای) کے ذریعہ ترقی کا موقع ملے۔‘‘ پوسٹ کے آخر میں راہل گاندھی یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’ٹریک مین کی محنت و مشقت سے ہی کروڑوں ملکی باشندوں کا محفوظ ریل سفر مکمل ہوتا ہے، ہمیں ان کی حفاظت اور ترقی دونوں یقینی بنانی ہی ہوگی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔